مظفر آباد (نمائندہ خصوصی) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں 25 اپریل کے ایجنڈا کو پھاڑنے سے متعلق تحقیقات کے لئے قائم کردہ کمیٹی نے رپورٹ ایوان میں پیش کر دی‘ سپیکر نے معطل ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی۔ اپوزیشن لیڈر نے لفظ ”ندامت“ کارروائی کا حصہ نہ بنائے جانے کی تجویز دی اور موقف اختیار کیا کہ ممبران اسمبلی اپوزیشن نے نہ توہین رسالت کی نہ اس کا تصور کر سکتے ہیں۔ واقعہ پر افسوس ہے ندامت سے مراد یہ ہے کہ جو عمل ہم سے سرزد نہیں ہوا ہے اس کو قبول کر لیں۔ سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کمیٹی کی مفصل رپورٹ پر معطل کئے گئے ممبران اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی ہے۔ اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین نے موقف اختیار کیا کہ ہم وزیراعظم پاکستان کے حوالے سے موجود قراردادوں کے خلاف تھے اور ایجنڈا کا وہ حصہ پھاڑا گیا جس سے توہین کے پہلو نہیں نکلتا اور نہ ہی ہم ایسا کرنے کا سوچ سکتے ہیں۔ البتہ تحقیق کے بعد رکنیت معطل ہونی چاہئے تھی واقعہ کے حوالے سے جو اقدام کیا گیا وہ واپس لیا جانا چاہئے۔ سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہاکہ رکنیت کی بحالی تو ہو چکی ہے جس میں کوئی ابہام نہیں البتہ رولنگ واپس نہیں ہو سکتی۔ اس پر اپوزیشن نے واک آ¶ٹ کردیا۔ اس سے قبل اپوزیشن نے کہاکہ وہ اور ان کے والدین ناموس رسالت پر قربان ہوں۔ علاوہ ازیں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے حق میں ان کی حکومتی‘ سیاسی‘ سماجی خدمات پر خراج تحسین پیش کر دیا ہے‘ متعدد ارکان کی پیش کردہ قراردادیں منظور کر لی گئی ہیں۔ اس مرحلہ پر اپوزیشن ارکان بائیکاٹ پر تھے۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے اپنی پیش کردہ قرارداد میں کہا کہ یہ ایوان وزیراعظم پاکستان کی پرعزم قیادت پر کامل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے سفارتی‘ سیاسی اور اخلاقی محاذ پر بھی تدبر اور جرات کا مظاہرہ کیا ہے‘ عوام اور ایوان اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ایوان اس تعین کا اظہار کرتا ہے کہ آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لئے وزیراعظم کی کوششیں اور ترجیحات عوام کے مسائل پر قابو پانے اور ان کے لئے روشن راہیں کھولنے پر معاون ثابت ہوں گی۔ سردار فاروق احمد طاہر‘ راجہ نثار احمد خان وزیر قانون‘ چودھری طارق فاروق سینئر وزیر‘ اسد علیم شاہ‘ محترمہ نسیم وانی‘ سردار امیر اکبر خان وزیر جنگلات‘ شبیر عباسی‘ محترمہ سحرش قمر‘ چودھری محمد اسحاق‘ سید شوکت شاہ وزیر خوراک‘ راجہ محمد صدیق خان نے ان اپنی قراردادوں میں نواز شریف کو عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے‘ پانامہ کیس میں سرخرو ہونے‘ سی پیک منصوبہ‘ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد‘ عوام کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔
آزاد کشمیر اسمبلی