عمران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرینگے : حمزہ شہباز

Apr 27, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، غلط الزام لگانے پر عمران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ عمران الزام کا ثبوت لائیں ورنہ کارروائی کیلئے تیار رہیں۔ حمزہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی مضبوطی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کےلئے کارپوریٹ ماڈل تیار کرے اور ٹھوس بنیادوں پر ایسی سفارشات پیش کرے جن کی بنیاد پر 2018ءنہیں بلکہ آئندہ 20سال کی جامع منصوبہ بندی کی جا سکے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کردہ بلدیاتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حمزہ نے کہا کہ ہر ضلع کے زمینی حقائق کے مطابق اپنے وسائل پیدا کرنے کےلئے شارٹ اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے۔ دریں اثناءمریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کبھی کہتے ہیں کہ شہبازشریف کے ساتھی نے انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی‘ کبھی کہتے ہیں کہ حمزہ کے دوست نے دبئی میں ان کے دوست کو پیشکش کی۔ میں اس شخص کی آخرت سے خوفزدہ ہوں۔علاوہ ازیں وزیر قانون وپارلیمانی امور رانا ثناءاللہ خان نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عمران کے پانامہ کیس میں چپ رہنے کے بدلے 10ارب کی پیشکش کے الزام پر از خود نوٹس لیں اور طلب کر کے پوچھا جائے کہ کون ان کے پاس یہ پیشکش لے کر آیا تھا ، مسلم لیگ (ن)، عمران خان ، راولپنڈی کے شیطان اور مکار مولوی پر دس ارب مرتبہ لعنت تو بھیج سکتی ہے، لیکن انہیں ایک روپیہ نہیں دے سکتی۔ ساری دنیا کو معلوم ہے کہ عمران نے جو الزام لگایا اس کی کوئی حقیقت نہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان کے 10ارب روپے کی پیشکش کے جھوٹے اور من گھڑت بیان کا مذاق بن رہا ہے وہ ثبوت سامنے لائیں، جس طرح اب عمران نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانا لگتا ہے کہ جے آئی ٹی سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ آنے پر بھی نہیں مانیں گے، ایران نے چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی ہے ، قوم ملکر اس منصوبے کو کامیاب کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 124 کے عہدیداران میں نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس وزیراعظم نوازشریف کے حوالے سے کاغذات آئے تھے میں نے تفتیش کرنی تھی اور نہ ہی گواہوں کو بلانا تھا، سپریم کورٹ کا کام تحقیقات کرنا تھا میں محدود ہی کام کر سکتا تھا آج بھی اپنے فیصلے پر کھڑا ہوں۔ زرداری پنجاب اور خیبر پی کے میں جا رہے ہیں ، مسلم لیگ (ن) بھی خیبر پی کے اور سندھ میں سیاست کرے گی۔ زرداری کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران بڑی باتیں نہ کریں اور 10 ارب کی پیشکش کے ثبوت دکھائیں‘ لمبی لمبی چھوڑنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جلنے والے جلتے رہیں گے ہم کام کرتے آگے بڑھتے رہیں گے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہاکہ عمران نے یہ جھوٹ بول کر اپنے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ اس طرح کے بیانات کے لئے موزوں ترین اصطلاح پنجابی کا لفظ ”چول“ ہے۔ عمران ایسی کئی ”چولیں“ پہلے بھی مار چکے ہیں۔ 35 پنکچروں کی طرح عمران کو یہ بیان بھی واپس لینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کو اس دروغ گوئی پر عدالت لے کر جائیں گے۔علاوہ ازیں سابق وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے عمران خان کو ایسی سیاسی بیماری ہے جس کا علاج ممکن نہیں، چپ رہنے کیلئے کوئی احمق ہی عمران خان کو رقم کی پیشکش کرے گا۔ آصف زرداری کے کرپشن الزامات الٹا چورکوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہیں۔

حمزہ شہباز

مزیدخبریں