مقبو ضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں پنزگام فوجی کیمپ پر جمعرات کی علی الصبح خودکش حملے میں ایک افسر سمیت 3 فوجی اہلکار ہلاک اور 5 شدید زخمی ہو گئے ۔ فوجی ترجمان کرنل راجیش کالیا کے مطابق جمعرات کو ہونے والے اس حملے میں دو حملہ آور بھی مارے گئے۔حملے میں 5فوجی شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔فوج نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد کتنی تھی۔ تاہم فوج اور پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یہ حملہ سرینگر میں 24 اپریل کو منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی فوجی اجلاس کے صرف دو روز بعد ہوا ہے۔اس اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کی تھی اور اجلاس کے دوران کشمیر میں تعینات فوج کی کئی کورز کے کمانڈروں نے لائن آف کنٹرول پر سکیورٹی بڑھانے کے حوالے سے تفصیلات دی تھیں۔کپوارہ کیمپ پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی مسلح گروپ نے قبول نہیں کی ہے اور فوج یا پولیس نے بھی ابھی تک واضح نہیں کیا ہے کہ حملہ مقامی شدت پسندوں نے کیا ہے یا کہیں اور سے آئے تھے۔