لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں سپاٹ فکسنگ کے مبینہ الزام میں پکڑے جانے والے شاہ زیب حسن پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے دوسری مرتبہ ملنے والے نوٹس آف ڈیمانڈ پر اے سی یو کے سامنے پیش ہو گئے۔ شاہ زیب حسن اپنے دو عدد وکلا کے ساتھ دن پونے تین بجے پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی سٹیڈیم پہنچے جہاں انہوں نے تین بجے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہونا تھا۔ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ اور شاہ زیب حسن انکے وکلا کے درمیان تقریباً دو گھنٹے تک ملاقات جاری رہی۔ جس میں پی سی بی نے ان پر آرٹیکل 4.3 کے تحت دوبارہ کارروائی کی۔ بعد ازاں شاہ زیب اپنے وکلا کے ساتھ واپس چلے گئے۔ شاہ زیب کل پی سی بی ٹربیونل کے سامنے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پیش ہونگے۔