کراچی ( اسٹاف رپو رٹر ) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی صدارت میں ان کے دفتر میں کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ پر عملدرآمد کر نے کیلئے حکومت سندھ کی قائم کر دی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبہ پر عملدرآمد میں حائل تجاوزات ہٹانے کیلئے ایکشن پلان بنانے کا فیصلہ کیا گیا کمشنر نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ ریلوے ٹریک پر قائم تجاوزات کا جائزہ لیں اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ایکشن پلان تیار کر لیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکلر ریلوے کے ٹریک پر موجو د تمام غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا جائے گا۔ فیصلہ کیا گیا کہ ریلوے ٹریک پر قابض ان تمام دکانداروں اور کاروبار کر نے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اورغیر قانونی طور پر قابض دکانداروں کو معاوضہ نہیں دیا جائے گا ۔تاہم مستحق متاثرین کی بحالی کی مدد کرنے پر غور کیا گیا کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمہ اور منصوبہ پر عملدرآمد کیلئے مربو ط کوششیں کریں ۔کمشنر نے کہا کہ حکومت کراچی میں ٹرانسپورٹ سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے ۔ ماس ٹرانزٹ منصوبہ اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ شہر کی اہم ضرورت ہے ۔ حکومت کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ کو تیز رفتار ی کے ساتھ مکمل کر نا چاہتی ہے ۔ منصوبہ کو جلد مکمل کر نے اور ترجیحی اقدامات کے لیئے اوور سائٹ کمیٹی اور ٹاسک فورس قائم کی گئیں ۔ تاکہ اعلی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر منصوبہ کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹاسک فورس کے گاہے بہ گاہے اجلاس ہوں گے اور ہر ہفتہ ٹاسک فورس کی کارروائی اور کار کردگی رپورٹ اوور سائٹ کمیٹی کو پیش کی جائے گی۔