اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقہ پیر سوہاوہ میں واقع منال ریسٹورنٹ کی لیز معاہدہ میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی تحقیقات ایف آئی اے سے کروا کر 8 مئی تک رپورٹ پیش کی جائے جبکہ وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کی طرف سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی اے سی کی ہدایت کے مطابق منال ریسٹورنٹ کی لیز میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، یہ 2020 میں ختم ہو جائے گی۔ اجلاس جمعرات کو کمیٹی کے کنوینئر میاں عبدالمنان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اسلام آباد کے ریڈ زون میں گرینڈ حیات ہوٹل کی تعمیر کے معاملہ پر نیب حکام نے بتایا کہ چیئرمین نیب نے اس ہوٹل کی تعمیر کے حوالہ سے تحقیقات مئی کے پہلے ہفتہ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی کے کنوینئر میاں عبدالمنان نے کہا کہ پی اے سی کو 8 مئی تک یہ رپورٹ پیش کر دی جائے۔ سی ڈی اے میں 2010ء اور 2011ء میں فرضی ناموں پر 20 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے معاملہ پر سی ڈی اے حکام نے پی اے سی کو بتایا کہ 19 پلاٹ فرضی ناموں پر الاٹ کئے گئے تھے جن میں سے 11 پلاٹ فراڈ کے ذریعے الاٹ ہوئے۔ اس معاملہ میں ملوث سی ڈی اے کے عملہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جا چکی ہے، پانچ پلاٹوں کی انکوائری کا معاملہ ایف آئی اے میں زیر التواء ہے۔ اجلاس کے دوران ایک متاثرہ بیوہ خاتون نے پی اے سی ذیلی کمیٹی سے درخواست کی کہ ان کا مسئلہ حل کرایا جائے۔ اس خاتون نے کہا کہ میں اپنے پلاٹ کی فیس پہلے ادا کر چکی ہوں اور اس پر اب میرا مکان ہے۔ میاں عبدالمنان نے ہدایت کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیوہ خاتون کا پلاٹ بحال کیا جائے۔ میاں عبدالمنان نے کہا کہ معاملہ صرف لیز کا نہیں بلکہ لیز معاہدہ میں نکات کی خلاف ورزی کا ہے۔ منال ریسورنٹ والوں نے معاہدہ سے ہٹ کر اضافی اراضی پر کیسے تعمیرات کر لیں۔ وزارت داخلہ ایف آئی اے کے ذریعے معاہدہ کی خلاف ورزی کا جائزہ لے کر 8 مئی تک رپورٹ پیش کرے، اگر لیز معاہدہ کی خلاف ورزی ثابت ہو جائے تو پھر لیز خود بخود ختم ہو جاتی ہے۔ اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں پانچ ہائوسنگ سوسائٹیوں کی طرف سے لیز معاہدہ کی خلاف وزری کے معاملہ پر سی ڈی اے حکام کی طرف سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ پانچوں سوسائٹیوں کا لے آئوٹ پلان اور این او سی منسوخ کر دیا گیا ہے، ان میں سے ایک سوسائٹی نے ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ دریں اثنا پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کردیاگیا۔گزشتہ روز کمیٹی کے کنوینر سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نصف گھنٹہ تک انتظار کرتے رہے تاہم کمیٹی کے کنوینر سردار عاشق حسین گوپانگ کے سوا کوئی رکن بھی نہیں آیا جس پر سردار عاشق حسین گوپانگ نے اجلاس کے شرکاء سے معذرت کرتے ہوئے کہاکہ تمام ارکان نے اجلاس میں شرکت کی آمادگی ظاہر کی تھی تاہم وہ کسی وجہ سے اجلاس میں نہیں آ سکے۔
’’منال ریسٹورنٹ کی لیز 2020میں ختم ہوجائیگی، سی ڈی اے
Apr 27, 2018