لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ شہبازشریف سے یہاں وفاقی وزراء اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ۔وفاقی وزراء اوراراکین اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت پر اظہار اعتمادکیا۔ ملاقاتکے دوران وفاقی وزرائ، ارکان اسمبلی اورمسلم لیگ(ن) کے رہنمائوںکاسیاسی صورتحال اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام شہروں، قصبوں اوردیہات میں یکساں ترقی کا ویژن مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے۔ انہوںنے کہاکہ نام نہاد تبدیلی کے نام پر دھرنے دے کر اورجھوٹ بول کر قوم کا وقت برباد کیا گیا ہے۔ تبدیلی کے علمبرداروں نے خیبرپختونخواہ کا حلیہ بگاڑ کررکھ دیا۔ زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں۔ انہوںنے کہا کہ دونوں نے خیبرپختونخواہ اور سندھ میں عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ خیبر پختونخواہ میں میٹروبس کے نام پر شہر کو اکھاڑ کر رکھ دیا گیا ہے۔ میٹرو بس پر تنقید کرنے والوں میں بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی اہلیت ہی نہیں۔ملاقات کرنیوالوں میں وفاقی وزیر آبی ذخائر سید جاوید علی شاہ،وزیر مملکت بین الصوبائی روابط ڈاکٹر درشن،رکن قومی اسمبلی اسفن یار ایم بھنڈارا،وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد، رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا،مسلم لیگ(ن) کے رہنماء حاجی عرفان احمد خان ڈاہا اورڈاکٹر عمر ظفر جھگڑاشامل تھے۔ دریں اثناء شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب کابینہ نے وثیقہ نویسی کے پیشے کو ریگولیٹ اور سپروائز کرنے کیلئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترمیم کی منظوری دی۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب فشریز آرڈیننس 1961 اور فشریز ایکٹ 1999 میں ترامیم اور640 میگاواٹ کے آزاد پتن ہائیڈرو پراجیکٹ کیلئے پنجاب کی حدود میں اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی۔پنجاب جنرل پراویڈنٹ انوسٹمنٹ فنڈ ایکٹ 2009 کے تحت لانگ ٹرم سرمایہ کاری کرنے کے اقدام کی منظوری بھی دی گئی۔پنجاب کا بینہ کے اجلاس میں زرعی مارکیٹنگ ریفارمز کا فیصلہ کیاگیا اورپنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2018 کی منظوری دی گئی۔انسانی حقوق کے بارے میں پنجاب پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔جبری مشقت کے خاتمے کے ایکٹ 1992 میں مجوزہ ترامیم کیلئے مسودہ ترمیمی بل کی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں کابینہ کے 29 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی اورکابینہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات کی 43ویں سے 54 ویںاجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔اجلاس میں پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹرز آف ایکسی لینس اتھارٹی کی کارکردگی کی رپورٹس برائے 2010-14 پیش کی گئیں اوراجلاس میں پنجاب دانش سکولز کی کارکردگی رپورٹس کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پنجاب حکومت نے دانش سکولز کے ذریعے یتیم بچوں اور بچیوں کو ان کو حق دیا ہے ۔ پنجاب حکومت نے دانش سکولز نہ بنائے تو یہ ہیرے مٹی کی دھول میں گم ہو جاتے۔جو لوگ دانش سکولز کے مخالف تھے اب انہیں بھی ان کی افادیت کا علم ہو چکا ہے۔ مخالفت کرنے والے صرف اشرافیہ اور تمن داروں کے بچوں اور بچیو ںکیلئے ایچی سن کالج اور گرائمر سکولز چاہتے تھے۔ تعلیم پر عام آدمی کے بچوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا اشرافیہ کے بچوں کا دانش سکولز کے بچوں نے ایچی سن اور گرائمر سکولز کے بچوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے بنائے جانے والے 1263 میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹ کی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ منصوبہ پاکستان میں گیس سے چلنے والا سب سے بڑا بجلی گھر ہوگااوراس منصوبے کیلئے بے پناہ محنت سے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے محنت اور عزم کے ساتھ توانائی بحران کے چیلنج سے نمٹا ہے۔ درین اثناء شہبازشریف سے یہاں پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریونے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات میں پنجاب میں ترقی کو سراہا اورکہا کہ آپ کا ترقیاتی ویژن قابل تحسین ہے ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ آنے والے وقتوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ پنجاب حکومت کیساتھ تعلیم، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
نام نہاد تبدیلی کانعرہ لگانے والوں نے قوم کاوقت برباد کیا:شہباز شریف
Apr 27, 2018