مینارپاکستان جلسہ، تحریک انصاف کا لاہور میں 100 کیمپوں سے عوامی آگاہی مہم کا آغاز

Apr 27, 2018

لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسہ کیلئے لاہور میں 100کیمپوں سے عوام آگاہی مہم کا آغاز کر دیا‘ آج (جمعہ) انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن اور انصاف یوتھ ونگ آگاہی ریلیاں نکالیں گے‘شہر میں خواتین‘ٹریڈر ونگ اور کارکنوں کی جانب سے آج مزید سو کیمپ لگائے جائیں گے جبکہ تحریک انصاف کے سینیٹر چودھری سرور نے کہا ہے کہ ن لیگ کی کرپشن نے ملکی معیشت کو معاشی تباہی کا قبر ستان بنا دیا ہے‘ ملک میں سیاست پانامہ اور اقامہ جیسے جرائم سے بدنام ہو رہی ہے‘تحریک انصاف کسی اور کے نہیں عوام کے سہار ے سیاست کر رہی ہے‘ ن لیگ کی وکٹیں کسی کے اشارے نہیں انکی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے گر رہی ہیں‘ پنجاب پولیس سمیت تمام ادارے ن لیگ کے ونگز کے طور پر کام کر رہے ہیں اگر مینار پاکستان جلسے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں تو حالات کے ذمہ داران حکمران خود ہوں گے۔ جمعرات کے روز لاہور چیئرمین سیکرٹریٹ میں مینار پاکستان جلسے کیلئے بنائی جانے والی موبلائزیشن کمیٹی کے سربراہ وسینیٹر چودھری سرور نے صحافیوں کو بریفنگ دی۔تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے کرپٹ مافیا کے خلاف جنگ میں ایک اور معرکہ جیت لیا ہے، نااہل وزیر خارجہ کا سیاست سے ہمیشہ کیلئے اخراج پی ٹی آئی کی بہت بڑی کامیابی ہے اور ملک بھر سے آنے والے کھلاڑی 29اپریل کو مینار پاکستان کے سائے تلے اس فتح کا جشن منائیں گے، پی ٹی آئی چیئرمین سیکرٹریٹ میں مینار پاکستان کے جلسے کیلئے جلسہ کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینیٹر چودھری سرور،قائد حزب اختلاف محمود الرشید، ایم این اے شفقت محمود، ممبران اسمبلی شعیب صدیقی، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹرمرادراس اور مرکزی رہنما اعجاز چودھری کے علاوہ دیگر نے شرکت کی اور تمام کمیٹیوں کو بھرپور کردار ادا کرنے اور مینار پاکستان جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔

مزیدخبریں