لاہور(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیربرائے مواصلات و تعمیرات سردار محمد آصف نکئی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میںپنجاب کے تمام اضلاع میں رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی بہتر کوالٹی اور کم نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ عوام کو رمضان المبارک میں بھرپور ریلیف دینے کے لئے کچن آئٹمز پر مناسب رعایت دی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے سبسڈی کا موزوں ترین استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ماضی کی طرح عوام کے ٹیکس کا پیسہ اشرافیہ کی جیبوں میں نہیں جانے دیں گے بلکہ یہ پیسہ عوام کی سہولت اور فلاح وبہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ اشیائے خوردونوش کی قیمت او رمعیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا ۔ملاوٹ اور مہنگائی کے خلاف کریک ڈاؤن رمضان کے علاوہ بھی جاری رہے گا۔ کرپٹ مافیا کو ہرگز عوام کے معاشی استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے کروڑوں روپے ماڈل بازاروں کے انفراسٹرکچر کے نام پر جھونک دیئے لیکن عوام ریلیف سے محروم رہی ۔ موجودہ حکومت پہلے سے موجود بازاروں اور مارکیٹوں میںرعایتی اشیاء فراہم کرے گی۔