نریندرمودی کے جھوٹے اور جارحانہ بیانات سے مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی: حریت کانفرنس

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کوکہ جموں وکشمیربھارت کا اٹوٹ انگ ہے `مسترد کردیا ہے۔سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جموں وکشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس کی حقیقت کو ایسے جھوٹے اور گمراہ کن بیانات سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا ہے کیونکہ بھارت نے 27اکتوبر 1947ء کو اپنی فوجی طاقت کے بل پر اس پر غیر قانونی طورپر قبضہ کرلیاتھا۔انہوں نے بھارتی حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کرکے زمینی حقائق کو تسلیم کریں اوردیرینہ تنازعے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کریں۔

حریت چیئرمین نے جنوبی کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیر کو ہونے والے نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کے چوتھے مرحلے کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

سینئر حریت رہنما اور تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اپنے تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو کشمیر یوں کی جاری تحریک آزادی کو دبانے اور حریت قیادت کو اپنے موقف سے دستبردار کرانے کے لیے ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کررہا ہے ۔

انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی مسلسل غیر قانونی نظربندی، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریت کی طرف سے سینئر حریت رہنماشبیر احمد شاہ کی بیٹی کے نام نوٹس جاری کرنے اور این آئی اے کی طرف سے ایک اور نظربندحریت رہنماالطا ف احمد شاہ کے بیٹے کو دلی طلب کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

قابض انتظامیہ نے ضلع پلوامہ میں ایک امام مسجد سمیت دو افراد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے انہیں جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربند کردیا ہے۔ادھر بھارتی فوجیوں نے آج شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔فوجیوں نے شوپیان کے علاقے ہیف شرمال اور پلوامہ میں ترال کے علاقے آری پل کا محاصرہ کیا اور گھرگھر تلاشی لی جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کشمیر کے ایوان ہائے صنعت و تجارت کی فیڈریشن کے صدرمحمد اشرف میر نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاکہ سرینگر جموں شاہراہ کی مسلسل بندش کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔

دریں اثناء ضلع بانڈی پورہ میں آج بانڈی پورہ گریز روڈ پر ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر نالے میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک خاتون اورایک بچی جاں بحق جبکہ9 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

ای پیپر دی نیشن