لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں بورڈ آف ریونیو کے اعلیٰ افسروں نے سرکاری خرچ پر مہنگے ترین لیپ ٹاپ خریدنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ لیپ ٹاپ فی کس قیمت 1 لاکھ 50 ہزار‘ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے حکومت سے 3 کروڑ 65 لاکھ روپے مانگے ہیں جس میں کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، پرنٹر، یو پی ایس، فوٹو سٹیٹ مشین، فیکس مشین، ٹی اے بلز کلیم کلئیر کرنے کے لئے کہا جائیگا۔ واضح رہے وہ تمام چیزیں مانگی گئی ہیں جو پہلے سے موجود ہیں کہا گیا ہے کہ یہ پرانی ہو گئی ہیں۔ جبکہ اس وقت ملک میں خصوصاً صوبے میں کرونا وائرس کی وجہ سے بھوک موجود ہے افسر لگژری اشیاء مانگ رہے ہیں۔ فیکس مشین اور پرنٹر اب اکٹھے انتہائی سستے داموں مل جاتے ہیں لیکن فیکس مشین کے لئے علیحدہ اور پرنٹر کے لئے علیحدہ پیسے مانگے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے حکومت پنجاب سے 3 کروڑ روپے کے فنڈز فوری طلب کئے ہیں جبکہ بورڈ آف ریونیو کے سینئر ممبر بابر حیات تارڑ کی جانب سے جن اشیاء کی فہرست اور ان کی قیمت بھجوائی گئی ہے وہ یوں ہے کہ 18 لیپ ٹاپ بحساب فی لیپ ٹاپ 1 لاکھ 50 ہزار‘ جبکہ 59 کمپیوٹر بحساب فی کمپوٹر قیمت 1 لاکھ روپے درکار ہیں‘ اسی طرح 146 پرنٹر بحساب فی پرنٹر 30 ہزار‘ یو پی ایس بحساب فی یو پی ایس 15 ہزار‘ 16 فوٹو سٹیٹ مشین بحساب 6 لاکھ روپے فی فوٹوسٹیٹ مشین ‘ جبکہ 15 فیکس مشین بحساب 60 ہزار روپے فی فیکس مشین مانگے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 77 لاکھ روپے ٹی اے بلز کے لئے جبکہ 30 لاکھ روپے پوسٹل کے لئے مانگے گئے ہیں۔ محکمہ بورڈ آف ریونیو سے اس بارے میں پوچھا گیا تو بتایا گیا کہ اشیاء پرانی ہو گئی تھیں‘جبکہ ٹی اے کے بلز کے لئے ہمیں بجٹ میں کم پیسے دئیے گئے‘ پوسٹل ریٹ میں تقریبا 100فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
بورڈ آف ریونیو پنجاب نے مہنگے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر، پرنٹر، یوپی ایس کی خریداری کیلئے 3 کروڑ مانگ لئے
Apr 27, 2020