افغان متحارب گروپ کرونا سے لڑیں، امریکہ نے جنگ بندی کی اپیل کردی

Apr 27, 2020

واشنگٹن‘ دوحہ (انٹرنیشنل ڈیسک + نوائے وقت رپورٹ) ترجمان افغان طالبان ذبیح اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ امن معاہدے پر عملدرآمد میں کابل انتظامیہ رکاوٹ ہے۔ امن معاہدے کے تحت 10 دن کے اندر قیدیوں کا تبادلہ ہونا تھا۔ ترجمان افغان طالبان ذبیح اﷲ نے کہا کہ کابل انتظامیہ پہلے دن سے قیدیوں کے تبادلے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ قیدیوں کے تبادلے سے بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار ہونا تھی۔ مذاکرات شروع ہو جاتے تو اب تک امن سمیت بڑے مسائل پر پیشرفت ہو جاتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نیٹو اور ان کے اتحادی بھی امن معاہدے پر عمل میں ناکام ہو گئے۔ امریکہ نے کرونا وائرس کے پیش نظر افغانستان میں پھر جنگ بندی کی اپیل کر دی۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے افغان متحارب گروپوں سے لڑائی ترک کرنے کی اپیل کی ہے۔ زلمے خلیل زاد نے کہا کہ افغان متحارب گروہ آپس میں لڑنے کی بجائے مشترکہ دشمن کرونا سے لڑیں۔ ہر افغانی کو اپنی پوری توانائیاں کرونا سے لڑنے کیلئے لگانی چاہئیں۔ طالبان کو چاہئے کہ کرونا پر قابو پانے تک اپنی جنگی کارروائیاں روک دیں۔ زلمے خلیل زاد نے اشرف غنی اور عبداﷲ عبداﷲ سے بھی تنازعات کو ایک طرف کر کے کرونا پر توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔ افغانستان میں کرونا سے اب تک 50 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ کرونا کیسز 1531 سے زیادہ ہیں۔

مزیدخبریں