کرونا کے بعد ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو زیادہ مسائل کا سامنا ہو گا: ورلڈ بنک

Apr 27, 2020

اسلام آباد (اے پی پی) عالمی بینک نے کہا ہے کہ اگر کرونا وباء کے خاتمہ کے بعد سرمایہ کاری اور صارفین کے اخراجات میں تیزی سے اضافہ نہ ہوا تو موجودہ توقعات کے برعکس ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو زیادہ مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ عالمی بینک نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اس وقت ترقی پذیر معیشتوں میں 2 فیصد کمی کا امکان ہے اور 1960ء کے بعد پہلی مرتبہ ان ممالک کی اوسط شرح نمو 4.6 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ بینک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ترقی پذیر ممالک کی معاشی کارکردگی میںتین فیص کمی ہوئی تو اس سے مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس لئے کرونا وائرس کی عالمی وباء کے خاتمہ کے بعد ترقی پذیرممالک میں بالخصوص سرمایہ کاری اور صارفین کے اخراجات کی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے اور اگر ایسا نہ ہو سکا تو گزشتہ 60 سال کے مقابلہ میں ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ عالمی بینک کے حکام نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معاشی صورتحال کے حوالے سے جامع رپورٹ مرتب کی جارہی ہے جو جون کے اختتام پر شائع کر دی جائے گی جس سے کرونا وباء کی وجہ سے عالمی معاشی صورتحال کی عکاسی میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں