لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو وباء کے خاتمے تک اضافی تنخواہ دیں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کرونا متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر سٹاف کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ڈاکٹروں اور طبی عملے کے مثالی کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔ پنجاب حکومت کرونا مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کواپریل سے اضافی تنخواہ دی جائے گی اور وباء پر قابو پانے تک ڈاکٹروں اور طبی عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہے گی۔ ان کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا-وزیر اعلی نے مزید کہاکہ کرونا وباء کا پھیلائو روکنے کے لئے جوکچھ انسانی بس میں ہوا، وہ کیا جائے گا۔موجودہ حالات میں عوام کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایک بیان میں مزید کہا کہ عاقبت نا اندیش اپوزیشن وباء کے دنوں میں بھی سیاست سے باز نہیں آئی۔ اپوزیشن رہنما قومی اتحاد و یکجہتی کو پارہ پارہ کر رہے ہیں۔ وباء کے دنوں میں نفاق پھیلانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سابق حکمرانوں کا رویہ روٹی کی بجائے کیک کھانے کا مشورہ دینے والی ملکہ جیسا ہے۔ قانون کے کٹہرے میں خود کو آتا دیکھ کر سابق حکمران خوفزدہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک اقتدار کے مزے لوٹنے والے قوم کو مضبوط ہیلتھ سسٹم نہ دے سکے۔ سابق حکمران اپنے دور میں تجربے اور ڈرامے رچاتے رہے۔ قوم کو اچھی تعلیم اور صحت کی ضرورت تھی اور یہ کرپشن کے مینار اٹھاتے رہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ، ماضی کے حکمران ایسی ایک بھی مثال پیش کر سکتے ہیں؟۔ دریں اثناء وزیر اعلی عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں پولیس وین تلے آکر سینٹری ورکر کی ہلاکت کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے اور واقعہ پرافسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئیعاشق مسیح کو کچلنے والے پولیس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتارکر لیا گیاہے۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سینٹری ورکر عاشق مسیح کے گھر پہنچ گئے۔ لواحقین کو وزیر اعلی عثمان بزدار کی طرف سے امدادی چیک بھی دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر قواعد و ضوابط کے مطابق عاشق مسیح کے بیٹے کو سرکاری نوکری بھی دی جائے گی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کیلئے خراج عقیدت پیش کیا ہے اور شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ننکانہ کے علاقے میں خواتین سمیت تین افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ننکانہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اورقتل میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔