اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) اقوام متحدہ کے زیر اہتمما کام کرنے والے پاکستان کے امن دستوں نے افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں، شدید بارشوں اور سیلاب میں پھنسے دو ہزار سے زائد شہریوں کا انخلا کر کے انہیں محفوظ مقامات تک پہچایا ہے۔ آئی ایس پی آ رکے بیان میں بتایا گیا ہے کہ کانگو کے علاقہ یوویرا میں شیدید بارشوں کے باعث سیلاب اور طغیانی میں ساڑھے سات ہزار سے زاید لوگ پھنس گئے ہیں۔ ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچا۔ نیلے ہیلمٹ پہنے، اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پاکستان کے امن دستے بارشوں اور سیلاب میں پھنسے کانگو کے عوام کی مدد کیلئے سرعت سے متاثرہ علاقوں میں پہنچے۔ رسیکیو کے دستے، ریسکیو کے آلات، سامان اور نیم طبی عملہ کے ساتھ فوری طور پر متاثرہ مقامات تک بھجوائے گئے۔ پاکستان کے امن دستوں نے متاثرہ علاقہ میں سیلاب کا زور توڑنے کیلئے پتھروں کا بند بھی بنایا جس کے باعث وہاں سے لوگوں اور گاڑیوں کا انخلا ممکن ہو سکا۔ متاثرین کو کھانا اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔کانگو اور اقوام متحدہ کے حکام نے پاکستان کے امن دستوں کی ریلیف کوششوں کی تعریف کی ہے۔ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کانگو میں پاکستان کے چار ہزار امن فوجی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پاکستان کے امن دستون کے مجموعی طور پر ایک سو ستاون فوجی، ان امن کوششوں کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔