لاہور(سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس ہوا،جس میں سپیشل سیکرٹری سلوت سعید،ایڈیشنل سیکرٹری عثمان خالد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرسلمان شاہد، پروفیسر ڈاکٹر محمودشوکت ،کنسلٹنٹ پروفیسر ڈاکٹراسداسلم خان، ڈاکٹرثاقب سعید اور سی ای او پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسرڈاکٹرثاقب شفیع نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران کروناکے مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔سپیشل سیکرٹری نے وزیر صحت کو سرکاری ہسپتالوں میں کروناکے مریضوں کیلئے مختص بیڈز،آکسیجن بیڈزاور وینٹی لیٹرز سمیت دیگرطبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان خان بزدارکی خصوصی ہدایت پر کروناکے مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ لاہورسمیت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرزاور آکسیجن بیڈزکی تعدادمیں اضافہ کیا جارہا ہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ کوروناوائرس کا شکار مریضوں کے علاج کولمحہ بہ لمحہ مانیٹرکیاجارہاہے۔این سی او سی کی ہدایات کے مطابق ایس اوپیز پرعملد رآمد کروایا جارہاہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن کی صورتحال تسلی بخش ہے۔وینٹی لیٹرزکی تعدادبڑھانے کے حوالہ سے این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطہ میں ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پوری دنیامیں کوروناکی وباء نے تباہی مچارکھی ہے۔