لاہور(خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ یکساں نصاب کے نام پرسیکولرازم کافروغ قبول نہیں۔نصاب سے اسلامی مواد نکالنے کی سفارشات کومسترد کرنے کاحکومتی فیصلہ احسن اقدام ہے۔تاہم تعلیمی نصاب سے اسلامی مواد نکلوانے کی سازش میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے تاکہ آئندہ ایسی سازش کرنے کی جرأ ت نہ ہوسکے۔آئین پاکستان اور دین اسلام نے جواقلیتوں کے حقوق دیئے ہیں ان کی کہیں اورمثال نہیں ملتی۔آئین پاکستان ہرپاکستانی کے تمام انسانی وسماجی حقوق کے تحفظ کاضامن ہے۔علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ کرونا موذی مرض ہے عوام ایس او پیز پر عمل پیرا ہو کر اپنی اور پیاروں کی زندگی بچائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فیس ماسک کا ہر جگہ اہتمام کریں۔علماء کرام ایس او پیز کے حوالہ سے قوم میں آگاہی دیں۔کرونا وباء میں تشویشناک حد تک اضافہ کی وجہ سے ہم سب کو احتیاط برتنا ہوگی، شہری اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
یکساں نصاب کے نام پرسیکولرازم کافروغ قبول نہیں:راغب حسین نعیمی
Apr 27, 2021