لاہور (نامہ نگار)راوی روڈ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے باپ دو کمسن بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق ہو گیا ۔ جاں بحق ہونیوالوں میں 35 سالہ آصف علی،اس کا8سالہ بیٹا گوہرعلی اور 10 سالہ بیٹی فائزہ شامل ہیں۔راوی روڈ کے علاقے ٹمبر مارکیٹ قلعہ لچھمن سنگھ کے آصف کا8سالہ بیٹا گوہر علی گھر کی چھت پر لگی گرل پر سوکھنے کیلئے لٹکائے ہوئے کپڑے لوہے کے راڈ کی مدد سے اتار رہا تھا ۔چھت کے قریب سے بجلی کے ہائی وولٹیج تاربھی گزر رہے تھے۔ کپڑے اتار ہوئے لوہے کا راڈ بجلی کی تاروں سے چھو گیا۔جس سے گوہرکو کرنٹ لگا اور وہ ٹرپنے لگا۔اس دوران اس کی بہن بھاگ کر اس کو بچانے آگے بڑھی تو وہ بھی کرنٹ کی زد میں آکر ترپنے اور چیخ وپکار کرنے لگی۔ والد آصف بھی چھت پرآگیا اور اس نے اپنے دونوں بچوں کو دیکھ کر لوہے کے راڈ سے چھڑانے کی کوشش کی۔تو آصف کو بھی کرنٹ کا زوردار جھٹکا لگااور وہ دور جاگرا۔ تینوں موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گئے ۔ ریسکیو ٹیموں نے نعشوں کو تارسے علیحدہ کیا ۔خاونداور دونوں بچوں کی جھلسی نعشیں دیکھ کر ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی ۔