اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)پاکستان اور ایران کے درمیان دو سرحدی راہداریاں کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پاکستان اور ایران کے مابین سرحدی راہداریاں کھولنے سے نہ صرف دوطرفہ تجارت بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ یہ بات وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیرِ دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے ملاقات میں وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ سرحد عبور کرنے کے مزید مقامات کھولے جائیں،اس سے دونوں ملکوں میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں پھلیں پھولیں گی اور آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دو بارڈر کراسنگزچوک آپ، اور جلگی(بلیدہ) کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئندہ پی ایس ڈی پی میں اس کے لئے فنڈز کی منظوری حاصل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے جنوبی وزیرستان میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر بھی قائم کئے جائیں گے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان دو سرحدی راہداریاں کھولنے کا فیصلہ
Apr 27, 2021