لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ آج کا دن ملتان کی تاریخ میں بے حد اہمیت کا حامل ہے۔ آج جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے اور عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر جلد شروع ہوجائے گی اور اس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کو ماضی میں نہ صرف پسماندہ رکھا گیا بلکہ گمراہ کن اعداد و شمار کے ذریعے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ ماضی میں جنوبی پنجاب پر ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا تناسب17 فیصد سے زائد نہیں تھا۔ ہم نے ماضی کے حکمرانوں کے برعکس نہ صرف جنوبی پنجاب کیلئے 33 فیصد بجٹ مختص کیا بلکہ اس کی رنگ فینسنگ بھی کی ہے۔ پنجاب کے 27 ہزار سے زائد سکولوں کو اپ گریڈ کیا ہے جن میں 38 فیصد جنوبی پنجاب کے سکول شامل ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کو ورثے میں منصوبے ملے جنہیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہم مکمل کر رہے ہیں۔ ملتان اور جنوبی پنجاب کی عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو اپنے بھر پور اعتماد سے نوازا۔ ملتان کی تعمیر و ترقی اور مسائل کا حل ترجیحات میں اولین ہے۔ ہم ملتان کیلئے 34 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج لا رہے ہیں۔ پیکیج کے تحت 100 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ ملتان میں لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 78 کروڑ 72 لاکھ کے ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنا ایک تاریخی اقدام ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا پراجیکٹ 3 ارب 54 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کرنے کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے لئے الگ سروس ٹربیونل اور ڈرگ کورٹس بھی بنائی جائیں گی۔ سائلین اور وکلاء کی سہولت کے لیے نیا جوڈیشل کمپلیکس بنے گا۔ ملتان کے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی نئی OPD بھی اس سال فنکشنل ہو جائے گی۔ حکومت پنجاب ملتان کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے 13 پراجیکٹ بنا رہی ہے۔ سیوریج کے ان منصوبوں کو مجموعی طور پر 11ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور محرومی کے دن گزر چکے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نہ صرف پورے ملک بلکہ جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے نئے باب رقم کریں گے۔ علاوہ ازیں کسان کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میں پنجاب کے کاشتکار بھائیوںاور شرکاء کی طرف سے ملتان میں کسان کارڈ کے اجراء کی تقریب میں شرکت پر وزیر اعظم کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وقت سے پہلے کسان کارڈکے اجراء کا پروگرام مکمل کر لیا ہے۔ کسان کارڈ کے اجراء سے کاشتکار کو بے پناہ فائدے اور سہولتیں ملیں گی۔ اس کارڈ کے ذریعے کسان آسانی سے زرعی قرضہ لے سکتا ہے۔ بیج ، کھاد اور پیسٹی سائیڈ پر سبسڈی حاصل کر سکتا ہے اور فصلوں کا بیمہ بھی کرا سکے گا۔ محکمہ زراعت نے صوبہ بھر میں 30 ہزار سروس شاپس قائم کی ہیں جہاں کسان کارڈ استعمال کیا جا سکے گ۔ حالیہ خریف کے سیزن میں حکومت پاکستان کے اشتراک سے ابتدائی طور پر کسان کارڈ کے ذریعے 17 ارب روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔ کاشتکار براہ راست سبسڈی لے کر بروقت Inputs خرید سکیں گے اور اپنی پیداوار اور منافع میں اضافہ بھی کر سکیں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے کرونا کے قومی چیلنج پر سیاست چمکانا افسوسناک ہے۔ حکومت نے کرونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا ہے۔ سیاست چمکانے والوں کی عقل پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے۔ اس سنگدل ٹولے نے پہلے بھی عوام کی زندگیوں پر سیاست چمکائی اور اب بھی یہ وہی قابل مذمت حرکت کر رہے ہیں۔