کرونا مزید70اموات سندھ میں جزوی لاک ڈائون انٹر سٹی ٹرانسپورٹ تعلیم ادارے بند

اسلام آباد+ لاہور+ کراچی (وقائع نگار خصوصی +سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ سٹی رپورٹر) مہلک عالمی وباء کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مزید 70مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد 17187تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 4825نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کی جانب سے پیر کے روز ملک میں کرونا وائرس کے حوالے سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان اب تک کرونا وائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 8لاکھ 425تک پہنچ گئی۔ اب تک ملک بھر میں کرونا وائرس کے 6 لاکھ 94ہزار 46 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد98219تک پہنچ گئی۔ اس وقت ملک میں کرونا وائرس کے تشویشناک حالت میں موجود مریضوں کی تعداد4862 تک پہنچ گئی۔ سندھ نے کرونا کا پھیلائو روکنے کیلئے جزوی لاک ڈائون کا اعلان کردیا۔ صوبائی حکومت نے سکول، کالج سمیت تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری دفاتر میں 20 فیصد جبکہ نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ریسٹورنٹس کے اندر، باہر کھانے پر پابندی ہوگی، سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ شاپنگ سنٹرز شام6 بجے کے بعد بند کئے جائیں گے۔ شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ 29 اپریل سے بند ہوجائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کرونا کیس مزید بڑھنے پر مارکیٹیں مکمل بند کرنے کی تجویز دی گئی۔ گڈز ٹرانسپورٹ اور صنعتیں ایس او پیز کے ساتھ کھلی رہیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق سے بین الاقوامی پروازیں بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے  وفاق نے لاک ڈائون کی تجویز نہیں مانی اس لئے خود اقدامات کا فیصلہ کیا۔  اگر کوئی نجی دفتر 50 فیصد سے زیادہ افراد بلاتا ہے تو اس سیل کر دیا جائے گا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ تمام آفس سٹاف گھروں سے کام کرینگے، سیکریٹریز اپنے ضرورت سٹاف کو بلائیں گے۔ کاش لوگ ایس او پیز پر عمل پیرا ہوتے اور ماسک پہن لیتے، اس وقت صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پولیس، رینجرز اہلکاروں اور افسران کو ویکسین لگائی جائے گی۔ جامعہ کراچی میں تدریسی عمل 17 مئی تک معطل کر دیا گیا ہے۔ اسد عمر نے سوشل میڈیا پر اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق بتایا کہ کل سے 40 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی رجسٹریشن کھولی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 50 سے 60 سال کی عمر والے رجسٹرڈ افراد کو واک ان ویکسی نیشن کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ویکسین کل سے شروع ہو گی۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا تھا کہ شہر اس وقت کووڈ کی شدید لہر کی زد میں ہے۔ روزانہ شام چار بجے قانون نافذ کرنے والے ادارے فلیگ مارچ کریں گے اور ہر وہ شخص جو ماسک پہنے بغیر گھر سے نکلے گا اس پر قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام فاتر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جہاں 50 فیصد عملے سے زیادہ کو بلایا گیا ہو گا۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج سمیت 3 ججز کو کرونا ہو گیا۔ ترکی میں 29 اپریل سے 17 مئی تک مکمل لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا۔ سابق فاسٹ بولر محمد زاہد کے بھائی کا کرونا وائرس کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔ محمد زاہد کا کہنا ہے کہ بھائی محمد شاہد کا انتقال کورونا وائرس کی وجہ سے گگو منڈی میں ہوا۔کورونا وائرس کے ایس اوپیز پر عمل کریں اور احتیاط کریں۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات  اسد عمر اور قومی کوآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹینٹ  جنرل حمودالزمان کی  زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا۔ فورم نے زیادہ پھیلائو والے شہروں میں  لاک ڈائون کی تجویز پر غور کیا۔  لاک ڈائون کے بارے میں حتمی فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کے مابین مشاورت کے بعد لیا جائے گا۔ لاک  ڈائون کے دوران تجویز کردہ پابندیوں میں بازاروں اور مالز، (سوائے ضروری خدمات) کی بندش، انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی اور تعلیمی اداروں کی مکمل بندش شامل ہیں۔ این سی او سی نے کیمبرج امتحانات کے انعقاد کے طریقہ کار پہ بھی نظر ثانی کی۔ یہ امتحانات وزارت تعلیم کے فیصلے کے مطابق منعقد کئے جا رہے ہیں۔ این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک امتحانی مرکز  میں پچاس سے زیادہ امیدوار نہ بٹھائے جائیں۔ آکسیجن کی فراہمی کو مسلسل نگرانی کے ذریعے یقینی بنایا جارہا ہے۔ کرونا وبا کے پھیلائو کے سبب مستقل دبائو کا شکار صنعتی شعبے کے امدادی پیکج مرتب کرنے کیلئے کامرس منسٹری کو اپنی تجاویز مرتب کرنے کیلئے کہا گیا۔ عید کی چھٹیوں میں عوام کی نقل و حمل کو محدود تر رکھنے اور ٹورزم کا نظام مرتب کرنے پہ بھی غور کیا گیا۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 104 نئے مریض مختلف ہسپتالوں میں 166 مریض زیر علاج جبکہ 4 مریض جان کی بازی ہار گئے۔  بلوچستان میں کرونا کی تیسری لہر کی شدت  کے پیش نظر تمام ہائی اور ہائر سکینڈری سکول فوری طور پربند کر دیئے گئے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان تاحال بھارت میں نئے کرونا وائرس کی قسم سے محفوظ ہے۔ اس حوالے سے ترجمان وزارت صحت نے اپنے بیان میں بتایا کہ بھارتی کرونا وائرس کا کوئی ایک کیس پاکستان میں رپورٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برطانوی کرونا وائرس کی قسم رپورٹ ہو رہی ہے۔ ایک دن میں مزید 29 ہیلتھ کیئر ورکرز  متاثر این سی او سی کی جانب سے تازہ  رپورٹ  کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 176ہیلتھ کئیرورکرز میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...