لاہور+ اسلام آباد ( نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ اپنے نامہ نگار سے) شہباز شریف نے ملک میں آکسیجن کی قلت میں اضافے اور کرونا صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو بھارت جیسی بدقسمتی سے بچانے کے لئے تمام فریقین کی مشاورت سے جامع ہنگامی حکمت عملی مرتب کی جائے۔ وائرس کی نئی اقسام اور اس کے مہلک اثرات سے عوام کو بچانے کے لئے حکمت عملی کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔ حکومت عوام کی حفاظت کے لئے ویکسین کی فراہمی کے عمل کو تیز کرے۔ نجی شعبے کی مدد لی جاسکتی ہے۔ کرونا کے موجودہ مرحلے میں مزید کسی قسم کا ابہام، شش وپنج یا لیت ولعل ہلاکت خیز غلطی ثابت ہوگی۔ گزشتہ ماہ و سال کے تجربات کا یہی نتیجہ سامنے آیا ہے کہ کرونا پر قابو پانے کا واحد راستہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جلد از جلد ویکسین لگانا ہے۔ یہ مجرمانہ غفلت ہے کہ حکومت نے مطلوبہ مقدار میں ویکسین کی خریداری کے لیے بروقت اقدامات نہیں کئے۔ اس مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں کرونا آج اس حد تک ملک میں پھیل گیا ہے۔ واضح، دوٹوک ذہن اور پالیسی کے ساتھ مرحلہ وار انتظامی امور پر توجہ دی جائے۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ کرونا احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اس موذی وبا کے خاتمے میں حکومتی اداروں کا ساتھ دیں۔ تمام عوامی نمائندے ہر سطح پر اپنے اپنے حلقہ اثر میں عوام کو شعور دیں اور انہیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں مدد دیں۔ حکومت عقل مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو فعال کرے اور کرونا وبا سے نمٹنے میں اس ادارے اور اس کے نمائندوں سے مدد لے۔ دوسری جانب شہباز شریف سے پارٹی رہنمائوں اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے پارٹی رہنمائوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں مجموعی ملکی صورتحال‘ مہنگائی‘ کرونا لہر میں شدت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف کو جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے ٹیلی فون کیا۔ رہائی اور رمضان المبارک کی مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں میں ملکی صورتحال‘ کرونا کی شدت کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے رہائی پر محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی کارکردگی بہترین رہی۔ انتخابی مہم میں خود حصہ لوں گا اور کرونا صورتحال بہتر ہوتے ہی آزاد کشمیر کا دورہ کروں گا۔
ویکسین خریداری میںغفلت مجرمانہ تمام فریقوں کی مشاورت سے حکمت عملی بنائی جائے شہباز شریف
Apr 27, 2021