لندن(صباح نیوز) بھارت میں مہلک وبا کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث مالدار افراد ہزاروں پونڈز دے کر نجی طیاروں کے ذریعے ملک سے چلے گئے۔غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق بھارت میں کورونا کے خطرناک حد تک اضافے کے بعد کئی افراد ملک چھوڑ گئے جبکہ دیگر ملکوں کی جانب سے بھارتی پروازوں پر پابندی کے بعد بھارت کے امیر ترین لوگ نجی طیاروں کے ذریعے برطانیہ پہنچ گئے۔بھارت سے آنے والے کئی نجی طیاروں کو برطانیہ میں اترنے کی اجازت نہیں ملی، سفری پابندیوں کے بعد بھارت سے آنے والے تقریبا 8 نجی طیاروں کو برطانیہ میں اترنے کی اجازت ملی جو تقریباً 70 ہزار پونڈ فی طیارے کی قیمت ادا کر کے پہنچے جن میں سے چار ممبئی، تین دہلی اور ایک پرواز احمد آباد سے آئی۔ اس سے قبل 22 اپریل کو بھارت سے لندن کے لیے تقریباً 300 ٹکٹ فروخت ہوئے جنہیں برطانیہ کی سفری پابندیوں کے وجہ سے واپس کر دیا گیا،یہ ٹکٹ 11 سو پونڈ فی سیٹ کے حساب سے فروخت کیے گئے تھے۔