لاہور (نیوز رپورٹر) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر ’’A-O ‘‘لیول کے متحانات لینا عقلمندی نہیں، بلکہ نونہالوں کو موت کے منہ میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور امتحانات مناسب وقت تک ملتوی کر دیں۔ ’’A-O لیول‘‘ کا امتحان لینے والی کیمبرج انتظامیہ کرونا کے خطرناک حملوں کے پیش نظر طلباء سے امتحان لینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ ان کی زندگیوں کو دائو پر نہ لگائے۔ انسانی جان سے زیادہ قیمتی کوئی چیز نہیں ہے۔ یہ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے۔ ایک طرف حکومت مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جانے کا فیصلہ کررہی ہے۔ کرونا کے وار سے عوام کو بچانے کے لئے فوج کی بھی مدد طلب کر رکھی ہے اور دوسری جانب حکومتی چھتری کے نیچے معصوم طلباء کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے۔ حکومتی دوغلی پالیسی چھوڑے اور عوام کے ساتھ ساتھ ان طلباء کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کرے اور امتحانات کو ملتوی کرے۔ نیپال‘ انڈیا‘ بنگلہ دیش‘ امارات اور برطانیہ میں بچوں سے امتحانات کا سلسلہ منقطع کیا جا چکا ہے۔