ضمنی انتخابات میں شکست قبول کرتے ہیں، جاپانی وزیراعظم

Apr 27, 2021 | 15:26

ویب ڈیسک

جاپان کے وزیر اعظم سوگا یوشی ہیدے نے کہا ہے کہ وہ پارلیمان کی خالی ہونے والی تین نشستوں پر منعقدہ ضمنی انتخابات میں میں حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی یعنی ایل ڈی پی کی ناکامی کو انکساری سے قبول کرتے ہیں۔صوبہ ہیروشیما میں ایوان بالا کی نشست ، ناگانو صوبے میں ایوان بالا اور ہوکائیدو کے ضلع نمبر دو میں ایوان زیریں کی نشست پر ضمنی انتخابات منعقد ہوئے جو گزشتہ ستمبر میں وزیر اعظم سوگا کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلے قومی انتخابی مقابلے تھے۔ ان تینوں انتخابات میں حزب اختلاف کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہو گئے ہیں۔ حکمران جماعت ایل ڈی پی نے ہوکائیدو میں ضمنی انتخابات کے لئے کسی امیدوار کو مقابلے میں کھڑا نہیں کیا اور نہ ہی کسی کی حمایت کی تھی۔وزیر اعظم سوگا نے کہا کہ وہ عوام کے فیصلے کو انکساری کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نتائج کا تجزیہ کریں گے اور جہاں کہیں درستگی کی ضرورت ہوگی اسے پختہ عزم کے ساتھ درست کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایل ڈی پی کے صدر کی حیثیت سے وہ ہیروشیما میں ایوان بالا کے انتخابات میں رقوم اور سیاست پر کی گئی مختلف تنقیدوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔

مزیدخبریں