پنجاب حکومت کوروناویکسین خود بھی خریدے گی،ویکسین خریدنے کیلئے 1ارب 50کروڑ روپے مختص کیے ہیں:عثمان بزدار

Apr 27, 2021 | 22:34

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں کوروناسے نمٹنے سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کاخصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید ضروری اقدامات اٹھانے پر بھی غور کیاگیا۔ اجلاس میں اصولی فیصلہ کیاگیا کہ پنجاب حکومت کوروناویکسین خود بھی خریدے گی۔کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کورونا ویکسین خریدنے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا ویکسین خریدنے کیلئے 1ارب 50کروڑ روپے مختص کردیئے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ویکسین کی خریداری کیلئے شفاف انداز سے قواعد و ضوابط کے مطابق فوری اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں میڈیکل سٹورز،پٹرول پمپس،ویکسینیشن سینٹرز اوردیگر ضروری سروسزکے سواتمام سرگرمیاں شام6بجے تک بند کرنے کی تجویز دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اس ضمن میں تجویز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔کمیٹی جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ جم بھی بندرہیںگے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں الیکٹو سرجری کو بند کردیاگیا ہے ۔دفاتر میں 50فیصد عملہ حاضر ہوگا۔ ہسپتالوں میں آکسیجن کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے آکسیجن سلنڈر زائد نرخ پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آکسیجن سلنڈرکی ذخیرہ اندوزی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔انتظامیہ آکسیجن سلنڈر کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنائے۔اجلاس میں ویکسی نیٹرز اورڈیٹا انٹری عملے کی بھرتی کی اصولی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ کورونا ویکسین لگانے کیلئے سینٹرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔لاہور میں تین نئے سینٹرزبنائے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت22ہزار روزانہ ہے ۔ صوبے میں 136 ویکسینیشن سینٹرزپر کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے ۔پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے ۔جیلوں میں 60برس سے زائد عمر کے قیدیوں کو کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے اوراب تک 1700سے زائد قیدیوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط سے کورونا سے بچا جا سکتا ہے اور اسی میں زندگی ہے۔عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔ غیر معمولی حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا مریضو ں کے مثبت کیسز کا تناسب بہت بڑھ چکا ہے ۔ہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہو رہا ہے ـلاہور سمیت بعض شہروں میں اس وقت کورونا کی صورتحال تشویشناک ہے ـصوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، مراد راس، یاسر ہمایوں، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری ،سینئر ممبر بور ڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ اعلی عسکری حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال،ڈویژنل کمشنرز اورآرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزیدخبریں