لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں 24ویں روزے کو بھی سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی جاری رہی۔ حکومتی ادارے کسی بھی علاقے میں سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل درآمد میں ناکام رہے جس سے پرچون سطح پر کھلے عام سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی جاری رہی۔ صارفین نے بتایا کہ سبزیوں میں ایک کلو آلو کچا چھلکا درجہ اول کی زیادہ سے زیادہ قیمت25 روپے تھی لیکن دکانداروں نے 36 روپے تک فروخت کئے۔ پیاز درجہ اول70 روپے کی بجائے 78روپے، ٹماٹر60 روپے کی بجائے 80 روپے، شملہ مرچ 96روپے کی بجائے120روپے، لیموں دیسی 750روپے کی بجائے 820 روپے تک فروخت کئے گئے۔ پھلوں میں ایک کلو سیب کالا کولو پہاڑی اول کی زیادہ سے زیادہ قیمت275 روپے مقرر تھی لیکن دکانداروں نے 380روپے تک فروخت کئے۔ ایک درجن کیلا درجہ اول 145روپے کی بجائے 230 روپے، گرما 115 روپے کی بجائے 125روپے، امرود 93روپے کی بجائے 150 روپے، سٹرابری اول 185روپے کی بجائے 250 روپے، خربوزہ اول 80 روپے کی بجائے 100 روپے اور ایک کلو تربوز 58 روپے کی بجائے 80 روپے اور ایک کلو لوکاٹ 145روپے کی بجائے 200 روپے تک فروخت کیا گیا۔