تجاوزات مافیا نے پنجے گاڑھ لئے، ہر بازار میں ہر سڑک پر قبضہ کر لیا،ٹھیہ بانوں ‘ ریڑھی ‘ چھابہ فروشو ں کی  یلغار، شہر یوں کو مشکلات کا سامنا

Apr 27, 2022


راولپنڈی(محبوب صابرسے)عیدالفطر کی آمد میں6یا 7دن رہ گئے ہیں،راولپنڈی شہر و چھائونی کے بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھنے لگا ، شہری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر خریداری کیلئے آنے لگے لیکن بازاروں اور بڑی شاہرائوں پر ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول نہ کئے جانے کے باعث ٹریفک جام رہنا معمول بن گئی، افطاری کے وقت ٹریفک جام رہنے سے شہریوں کی افطاری بھی سڑکوں پر ہونے لگی ہے، تجاوزات بھی ٹریفک جام کرنے میں کردار ادا کرنے لگیں، رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کو ختم ہونے میں6یا7دن رہ گئے ہیں، عید کی خریداری کیلئے راولپنڈ ی کے بازاروں راجہ بازار، بنک روڈ، صدر ، مری روڈ پر رش بڑھنے لگا ہے، سٹی ٹریفک پولیس نے ایک خصوصی پلان جاری کیا کیونکہ ہر جگہ ہر سڑک پر ٹریفک جام رہتی ہے ،کینٹ بورڈ راولپنڈی اور چکلالہ، راول ٹائون انتظامیہ،شعبہ انسدا تجاوزات کی غفلت لاپرواہی اور مبینہ طور پر ملی بھگت سے باڑہ بازار‘ ٹرنک بازار‘ لیاقت روڈ‘اقبال روڈ، ٹرنک بازار، گندم منڈی، بنک روڈ، حیدر روڈ، بکرامنڈی روڈ، ٹینچ بھاٹہ، 22نمبر چونگی، کمال آباد، طارق آباد ، لال کڑتی،اڈیالہ روڈ، سکیم تھری، کمرشل مارکیٹ، صادق آباد، مری روڈ، اقبال روڈ، پشارو روڈ،مصریال روڈ، چوہڑ چوک، سید پور روڈ، چراہ روڈ، کھنہ روڈ،ڈنگی کھوئی، کشمیر روڈ، کشمیری بازار، موتی بازار، ڈھیری حسن آباد،  بابو لال حسین روڈ،گنج منڈی روڈ سمیت دیگر مصروف بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار نے شہریوں کیلئے مشکلات کھڑی کر دیں ، ان تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کے بہائومیں خلل پڑتا ہے جو گھنٹوں جام رہتی ہے،شہریوں نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے وہ اس طرف خصوصی توجہ دیں تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوں۔

مزیدخبریں