جی ٹی روڈ تا حج کمپلیکس ، آئی فورٹین ٹو اور تھری کیلئے 20 ملین،آئی الیون ٹو کیلئے19 ملین، آئی سولہ کیلئے16 ملین روپے رکھے گئے 


اسلام آباد(وقائع نگار)سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ سٹریٹ لائٹس اسلام آباد شہر میں روشنی کے مناسب نظام کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کی مختلف مرکزی شاہراہوں، رابطہ سڑکوں، چوراہوں، گلیوں اور مارکیٹس میں نئی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، خراب سٹریٹ لائٹس اور ٹرانسفارمرز کی بحالی کا کام بھی تیزی سے کیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے جی ٹی روڈ تا حج کمپلیکس اور سیکٹر آئی فورٹین ٹو اور تھری کی مختلف مرکزی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں میں نئی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لئے بیس ملین روپے سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر آئی الیون ٹو کی مرکزی شاہراہوں، رابطہ سڑکوں اور مارکیٹس میں نئی اور جدید سڑیٹ لائٹس کی تنصیب اور خراب سٹریٹ لائٹس کی بحالی کے لئے بھی انیس ملین روپے سے زائد کا بجٹ رکھا گیا ہے۔مزیدبرآں سیکٹر آئی سولہ میں مرکزی شاہراہوں، رابطہ سڑکوں اور مارکیٹس میں روشنی کے مناسب نظام کو یقینی بنانے کیلئے نئی سڑیٹ لائٹس کی تنصیب کے لئے بھی سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے تقریباً سولہ ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ جبکہ سیکٹر آئی ٹین، فقیر آئی پی روڈ تا وکٹری پائپ انڈسٹریل ایریا تک روشنی کے مناسب انتظام کو یقینی بنانے کے لئے بھی شعبہ سڑیٹ لائٹس کی جانب سے گیارہ ملین روپے سے زائد کا بجٹ رکھا گیا ہے۔علاوہ ازیں سیکٹر آئی فورٹین ون، تھری اور فور میں روشنی کے مناسب نظام کو یقینی بنانے کیلئے نئی اور جدید سڑیٹ لائٹس کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکے لئے سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے گیارہ ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا۔ جبکہ سیکٹر ایچ الیون میں نسٹ یونیورسٹی گیٹ نمبر ایک تا سری نگر ہائی وے تک نئی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لئے بھی سات ملین روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔مزکورہ بالا علاقوں میں نئی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور خراب سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور مرمت کے لئے مجموعی طور پر 87 ملین روپے کی لاگت آئے گی اس ضمن میں ٹینڈرز جلد ہی اخبارات میں شائع کردئیے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن