اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری سے چینی کمپنی (چائنہ روڈ اینڈ بریج کارپوریشن) کے جنرل منیجر لیو منگ نے ملاقات کی ۔اس موقع پرچینی کمپنی کے سربراہ نے فیصل سبزواری کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اوروفاقی وزیر نے چینی کمپنی کا وفد سمیت ان کے دفتر آمد پر شکریہ ادا کیا۔چینی کمپنی کے سربراہ نے وفاقی وزیر کو کمپنی کے تمام منصوبوں پر بریفنگ دی اور گزشتہ تین سال سے زیر گفتگو 3.8 ارب ڈالر کے ڈی سی ڈی زیڈ کے پروجیکٹ پر تمام تفصیلات سے آگاہ کیا.وفاقی وزیر نے چینی کمپنی کے اس پروجیکٹ کو سراہا اور کراچی کے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع کیلئے بھی اس پروجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کیاچینی کمپنی کے وفدنے گزشتہ 3 سال سے اس پراجیکٹ پر سست روی سے کام کرنے پر شکوہ کیا، وفاقی وزیر کی چینی کمپنی کو پروجیکٹ کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی یقین دہانی اور وزیر اعظم پاکستان سمیت تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان خصوصا وزیر اعلی سندھ، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ سے اس پر جلد کام شروع کرنے پر بات چیت کرنے کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر کی چینی کمپنی کے وفد کو تمام حکام سے بات چیت کے بعد جلد دوبارہ ملاقات کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر فیصل سبزواری نے کہا کہ وزرات بحری امور اب ایک دن بھی ضائع کیے بغیر جلد از جلد اس پراجیکٹ پر عملدرآمد کریگی ۔ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت بحری امور، جوائنٹ سیکرٹری سمیت چینی کمپنی کے دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے۔