اسلام آباد+ گوجرانوالہ+ پتوکی (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان خصوصی+ علاقائی نمائندوں سے) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار میگاواٹ کے قریب ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نرخ بڑھانے کی بھی درخواست دیدی جس پر کل فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ ادھر گوجرانوالہ، پتوکی، سرگودھا، چنیوٹ، سیالکوٹ، نارووال، کندیاں، حجرہ شاہ مقیم، لالہ موسیٰ اور پتوکی میں بھی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا، گوجرانوالہ، سرگودھا اور سیالکوٹ میں بجلی کے ساتھ سوئی گیس بھی سحر و افطار میں غائب رہنے لگی جس کے باعث روزے داروں کو پریشانی کا سامنا، کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گئے، لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھٹنے میں بجلی کی مجموعی پیداوار 18 ہزار 31 میگاواٹ جبکہ بجلی کی طلب 26 ہزارمیگاواٹ سے زائد ہے۔ دریں اثناء گوجرانوالہ اور اس کے گردونواح میں بجلی وگیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ، سحری و افطار کے اوقات میں گیس کی بندش اور بجلی کی آنکھ مچولی شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی، انڈسٹریل شہر میں بجلی اور سوئی گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج ہیں، دوسری طرف بجلی کی بندش سے بھی مزدور اور محنت کش سراپا احتجاج ہیں۔ ادھر تحصیل پتوکی کے علاقہ کومل اور سرائے مغل میں بجلی اکثر غائب رہتی ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 16 گھنٹے ہوگیا اہل علاقہ نے وزیر اعظم، وفاقی وزیر پانی، بجلی، چیف لیسکو لاہور سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
لوڈشیڈنگ