اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی اور انہیں وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراطلاعات کے ساتھ ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے اور ان میں وسعت کے لئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں میڈیا کے مختلف شعبوں، ڈیجیٹل میڈیا، میڈیا ٹریننگ اور فلم سازی میں تعاون سمیت دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا کہ فیک نیوز صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر اطلاعات کو پاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کی مبارک دی، ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کے قیام کی75 ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ فواد چودھری کے بیان پر ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کے سوالوں کا جواب دیں، ان سے جو سوال پوچھے اسے گالی اور دھمکی دی جاتی ہے، عمران خان چاہتے ہیں کہ سب ان کے جھوٹ کی بیعت کرلیں، کرپشن کا حساب نہ لیں، وہ مرضی کے سوال، اپنی مرضی کے جواب، مرضی کا میچ، مرضی کا ایمپائر اور کھلاڑی چاہتے ہیں جہاں ان کی مرضی سے آئوٹ اور ناٹ آئوٹ دیا جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان مرضی کا جج، مرضی کا وکیل اور مرضی کا فیصلہ چاہتے ہیں، وہ آئین کو مانتے ہیں نہ قانون کو، وہ اپنے آپ کو ہی آئین اور قانون سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو ہی عدالت، جج اور پولیس سمجھتے ہیں، عدالت سوال پوچھے تو اس کی توہین کرنا، الزام لگانا اور پھر سازش کا راگ الاپنا شروع کر دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمشن کے سوالات سے یہ آٹھ سال تک بھاگتے رہے ۔
مریم اورنگزیب
کرسچن ٹرنر کی ملاقات عمران الیکشن کمشن میں فارن فنڈنگ کا حساب دیں مریم اورنگزیب
Apr 27, 2022