چینی اساتذہ کی گاڑی پرخودکش حملہ عالمی سازش ‘قائمقام وائس چانسلر جامعہ کراچی


کراچی (نیوز رپورٹر) جامعہ کراچی واقعہ کے سوگ میں جامعہ کراچی میں بدھ27 اپریل 2022 ء کو تدریسی عمل معطل رہے گا اور کسی قسم کی پبلک ڈیلنگ نہیں ہوگی۔ قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون ،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مقصود علی انصاری اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے اساتذہ کی گاڑی پر ہونے والے دھماکے میں جابحق ہونے والے چینی اساتذہ کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔پاکستان میں چینی زبان اور ثقافت کو فروغ دینے کے لئے چینی اساتذہ کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا ۔ڈاکٹر ناصرہ نے مزید کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ اور مذموم کوششوں سے پاک چین دوستی کو کمزور کرنے کی ناپاک کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ہم حکومت سے امید رکھتے ہیں کہ وہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں گے ۔دریں اثناء جامعہ کراچی میں بدھ27 اپریل 2022 ء کو تدریسی عمل معطل رہے گا اور کسی قسم کی پبلک ڈیلنگ نہیں ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن