کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستانی کرکٹرز آف سیزن میں زیادہ وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ گذار رہے ہیں۔ ایک درجن کے قریب کھلاڑی انگلینڈ میں کائونٹی کرکٹ اور کچھ کراچی میں رمضان کے مختلف ٹورنامنٹ میں شرکت کررہے ہیں۔ کپتان بابر اعظم، عمرے کی ادائیگی کے بعد لاہور میں عید منائیں گے۔ سابق کپتان سرفراز احمد اہل خانہ کے ساتھ عید انگلینڈ میں گذاریں گے۔عید کے بعد سلیکٹرز، ٹیم انتظامیہ اور شعبہ انٹرنیشنل پاکستان ٹیم کے کیمپ کا پلان بنائیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی سرگرمیاں مئی کے دوسرے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ قومی ٹیم جون میں راولپنڈی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچ کھیلے گی۔ پاکستان کو سری لنکا اور نیدرلینڈز کا دورہ کرنا ہے جب کہ ایشیاء کپ میں بھی شرکت کرنا ہے۔ ٹیم کا غیر ملکی کوچنگ سٹاف مئی کے دوسرے ہفتے میں پاکستان پہنچے گا۔