لاہور (کلچرل رپورٹر) معروف فلمی رائٹر ڈائریکٹر شفیق الرحمان عامر نے اردو فلم ’’دیوانہ‘‘ کی ایڈیٹنگ اور ڈبنگ کا کام مکمل کرلیا۔ تفصیل کے مطابق شفیق الرحمان عامر 2001ء میں یوکے چلے گئے تھے جہاں انہوں نے اداکارہ زاراکبر کے علاوہ یوکے کے مقامی فنکاروں کو لیکر ’’دیوانہ‘‘ فلم بنائی جس کی پوسٹ پروڈکشن کیلئے وہ پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کی تمام تر عکسبندی یوکے میں ہی کی گئی جبکہ اس کے میوزک ڈائریکٹر ایم ارشد، کیمرہ مین ویر بھان سنگھ،محمد امجد ہیں۔ فلم کی مکسنگ یوکے میں ہی کروائی جائیگی، مذکورہ فلم کو یوکے اور پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد کرینگے۔واضح رہے کہ شفیق الرحمان عامر بطور رائٹر ’’وحشی عورت‘‘، ’’محلے دار‘‘، ’’بن تیرے صنم‘‘ اور ’’محبت مر نہیں سکتی‘‘ جیسی بے شمار فلموں کے سکرپٹ لکھے چکے ہیں۔