ملک بھر میں شب قدر(کل)جمعرات کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔لیل القدر26 اور27رمضان المبارک بمطابق 28اور29 اپریل بروز جمعرات اور جمع المبارک کی درمیانی شب انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔شب قدر کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں نماز عشاسے سحری تک ختم قرآن پاک،ذکر الہی کی خصوصی محافل ،حسن قرات ، حمد و نعت ،درود و سلام کی بابرکت تقریبات منعقد ہوں گی، اس رات شب بیداری ہوگی اور اہل اسلام رات بھر عبادت،ذکر اذکار اور نوافل ادا کریں گے اس موقع پر علمائے کرام قرآن پاک کے نزول اور اس کی قدر و منزلت پر روشنی ڈالیں گے جبکہ ملکی سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی مساجد کو برقی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا جائے گا۔شب قدر کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے مساجد،امام بارگاہوں،شاپنگ ایریاز اور مختلف شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔لیل القدر رمضان المبارک کی آخری دس طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے بھی یاد کیاجاتا ہے اس رات میں عبادت کرنے کی بہت تاکید کی گئی ہے۔