اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ سحاق ڈار نے ملک کی معاشی اور مالیاتی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ نیلور ہائٹس 1 پروجیکٹ کی بیلٹنگ 16 مئی 2023ءکی بجائے 8 مئی 2023ءسے پہلے مکمل کرائی جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے فنانس ڈویژن میں سی ڈی اے کے سمندر پار پاکستانیوں کے منصوبوں کے بارے میں اجلاس میں دیں۔ اجلاس میں سی ڈی اے کی جانب سے بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کیلئے کئے گئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی اور مالیاتی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کی اہمیت پر زور دیا اور سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کیلئے امریکی ڈالر میں رقم ادا کرنے والے سرمایہ کاروں کو مراعات دی جائیں تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مزید تقویت دی جا سکے۔