لاہور (نیٹ نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ ’میں پوری قوم پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ مجھے ان ہی تینوں لوگوں سے جان کا خطرہ ہے جن کے نام میں نے وزیر آباد کے ناکام قاتلانہ حملے کے بعد ظاہر کیے تھے‘۔ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ ’وزارت داخلہ کے مطابق میری زندگی کو غیرملکی ایجنسیوں سے خطرہ ہے لیکن مجھے جن لوگوں سے خطرہ ہے ان کے نام ویڈیو پیغام میں ظاہر کرچکا ہوں۔ انہوں نے مجھے 18 مارچ کو آئی سی ٹی جوڈیشل کمپلیکس میں جان سے مارنے کی کوشش کی‘۔ اگر دوبارہ قاتلانہ حملہ ہوا تو وہی تمام افراد ذمہ دار ہوں گے۔ جیسے انہوں نے وزیر آباد حملے کی ذمہ داری ایک مذہبی انتہا پسند پر ڈالنے کی کوشش کی اور اب وہ ہی لوگ غیرملکی ایجنسی کا نام لے کر دوبارہ حملے کی کوشش کریں گے۔ دوسری طرف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی ارکان میں شاہ محمود قریشی‘ فواد چودھری اور سینیٹر علی ظفر شامل ہیں۔ دوسری طر ف وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور سعد رفیق نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے رابطہ کیا۔ حکومت نے تجویز دی ہے کہ سینٹ میں اپوزیشن اور حکومت کے 5, 5 ارکان پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے۔ چیئرمین سینٹ نے شہزاد وسیم اور اسد عمر سے رابطہ کر لیا۔