حضرت امیر خسرو کا 719 واں سالانہ عرس 5 مئی سے نئی دہلی میں شروع ہوگا

لاہور (خالد بہزاد ہاشمی) برصغیر کے شہرہ آفاق صوفی شاعر، مایہ ناز موسیقار، مورخ، ماہر لسانیات، نئی تہذیب کے بانی اور حضرت محبوب الٰہی، خواجہ نظام الدین اولیاء کے جلوت و خلوت کے ساتھی اور محبوب خلیفہ، طوطی ہند، شکر مقال حضرت امیر خسرو کے 719 ویں پانچ روزہ سالانہ عرس مبارک کی تقریبات بصد تزک و احتشام 16 تا 20 شوال آپ کے آستانہ مبارک درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء نئی دہلی میں شروع ہو رہی ہیں۔ درگاہ حضرت محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیاء کے سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے نوائے وقت کو ٹیلی فون پر نئی دہلی سے بتایا کہ پاکستانی زائرین کا وفد بھی عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت کے لئے 5 مئی کی صبح نئی دہلی پہنچے گا۔ وفد 4 مئی کو براستہ امرتسر سے دہلی روانہ ہوگا۔ دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا کہ ڈیڑھ سو پاکستانی زائرین نے اپنے ویزے انڈین سفارت خانے میں جمع کرائے ہیں۔ پاکستانی زائرین درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء اور درگاہ حضرت امیر خسرو پر چادریں اور پھول پیش کریں گے جبکہ وہ خود پاکستانی زائرین کی دستار بندی کریں گے۔ زائرین پہاڑ گنج ہوٹل میں قیام کریں گے۔ دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا کہ بڑا قل شریف 18شوال کو ہوگا عرس کی تقریبات میں غیر مسلم اور خاص طور پر ہندو بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں اور وہ اپنے ہاتھ سے سبزی، روٹی، پوری اور مٹھائیاں تقسیم کرتے ہیں جبکہ محفل سماع صبح و شام جاری رہتی ہے اور عام لنگر میں دال روٹی بریانی قورمہ تقسیم ہوتا ہے۔ دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا کہ پاکستانی زائرین درگاہ حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی، درگاہ حضرت خواجہ نصیرالدین چراغ دہلی، دیگر مزارات اور تاریخی مقامات پر بھی جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن