گجرات (نامہ نگار) مسئلہ فلسطین دنیا کا سب سے سلگتا ہوا مسئلہ ہے۔ یو این او اور عالمی طاقتیں اس مسئلہ کو حل کرانے میں ناکام رہی ہیں۔ ایسے میں مسلم امہ کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اپنا کردار اد اکریں۔ ان خیالات کا اظہار ممبر فلسطین پارلیمنٹ الشیخ مامون الاسعد التمیمی نے جامعہ عمر بن خطاب پنڈی حسنہ میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جو کہ مسئلہ فلسطین اور علماء کرام کے کردار کے عنوان سے تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کا واحد سہارا ہے۔ جو ہمیشہ مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں رہتا ہے۔ مسئلہ فلسطین کے بارے میں عالمی رائے اُجاگر کرنے کے لئے میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہوں۔ رمضان المبارک میں بھی یہودیوں نے ہر نماز کے وقت مسجد میں گھس کر مسلمانوں پر ظلم و ستم کیا۔ نہتے نمازیوں کو شہید کیا۔ ہم قاضی عبدالقدیر خاموش، حافظ انعام اللہ کنجاہی و دیگر راہنماؤں کے شکر گزار ہیں جو کہ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کیلئے ہمارے شانہ بشانہ ہیں۔ قاضی عبدالقدیر خاموش چیئرمین اسلامی یکجہتی کونسل پاکستان نے کہا کہ جب بھی امت مسلمہ پر کڑا وقت آیا ہے تو پاکستان نے ہر فورم پر ان کا ساتھ دیا ہے۔ حافظ انعام اللہ کنجاہی مہتمم جامعہ عمر بن خطاب پنڈی حسنہ نے کہا کہ پوری امت مسلمہ یکجان ہے۔ قبل ازیں تلاوت کلام پاک کا شرف حافظ ابراہیم طیب نے حاصل کیا اور حمد باری تعالیٰ محمد عبداللہ انعام نے پیش کی۔
یو این او اور عالمی طاقتیں مسئلہ فلسطین حل کرانے میں ناکام، مامون الاسعدالتمیمی
Apr 27, 2023