گجرات (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین، چوہدری موسیٰ الٰہی (ن) لیگی رہنما کی رہائشگاہ پر فائرنگ کیس میں عدالت پیش، آئندہ سماعت 2مئی مقرر۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کڑیانوالہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر محمد علی گجر آف حاجیوالہ کی رہائشگاہ پر فائرنگ کے درج مقدمہ میں نامزد مشورہ کے ملزمان چوہدری وجاہت حسین، چوہدری موسی الہی اور ڈاکٹر چوہدری شاہنواز اجنالہ کے ایڈیشنل سیشن جج محمد یونس لاڑ کی عدالت میں پیشی پر ان کے وکیل کی جانب سے بحث مکمل ہونے پر کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی، آئندہ پیشی پر مدعی کونسل بحث کرینگے۔ تفتیشی افسر اعجاز احمد نے گزشتہ روز مقدمہ میں نامزد ملزمان چوہدری وجاہت حسین وغیرہ کے بیان قلمبند کیے۔ کیس کی سماعت 2 گھنٹے تک جاری رہی۔ سماعت کے دوران ایس ایچ او تھانہ کڑیانوالہ انسپکٹر فیاض چیمہ اور ایس ایچ او تھانہ شاہین چوک مبشر نواز وڑائچ بھاری نفری کے ہمراہ عدالت میں موجود رہے۔ چوہدری وجاہت حسین عدالت میں حاضری لگوانے کے بعد چلے گئے جبکہ چوہدری موسی الہی اور ڈاکٹر چوہدری شاہنواز اجنالہ کیس کی سماعت مکمل ہونے تک کورٹ میں موجود رہے۔چودھری وجاہت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران فلاحی منصوبوں کی بجائے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ عدالتوں کا احترام سب پر واجب ہے اور ہمیں عدلیہ پر پورا اعتماد ہے۔ پوری قوم کی نظریں اب عدالتوں کی طرف ہیں۔ انشاء اللہ ہمیں انصاف عدالتوں سے ہی ملے گا۔