فیروزوالہ(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق رکن پنجاب اسمبلی چودھری علی اصغر منڈانے کہا ہے کہ حکمرانوں کا 14 مئی کو الیکشن نہ کروانے کا کہنا اعلیٰ عدلیہ کو کھلی دھمکی اور توہین عدالت ہے۔ جب صرف ایک بیان پر آزاد کشمیر کی حکومت کو گھر بھیجا جا سکتا ہے تو رانا ثنا اللہ کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جانا چاہئے جنہوں نے کھلے عام عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کی باتیں کی ہیں حکمران ٹولہ اپنے مفادات کیلئے ملک کے آئین و قانون کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے جس کا انہیں ایک دن ضرور حساب دینا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید ملن پارٹی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری علی اصغر منڈا نے کہا کہ حکمران ٹولے کی یہ بھول ہے کہ یہ جو مرضی کرلیں ہم خاموشی سے سب کچھ دیکھتے رہیں گے بلکہ اس کے خلاف عوام سڑکوں پر آئیں گے اور آئین و قانون کے تابع لائیں گے۔ حکومت کے پاس عوام کودینے کیلئے کچھ نہیں موجودہ حکومت عوام کا منتخب کردہ نہیں بلکہ یہ اب عوام پر بوجھ بن چکی ہے۔ حکومت کی طرف سے پے درپے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا جوعوام کیلئے ناقابل برداشت ہے۔