لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہا ہے کہ گندم کی نئی فصل مارکیٹ میں آگئی ہے لیکن حکومت کی جانب سے فلور ملز کو گندم کی خریداری نہیں کرنے دی جارہی۔ فلور ملز کی گندم کی خریداری پر غیر اعلانیہ پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری گندم کا کوٹہ بند ہونے کے بعد حکومتی پابندیوں کے باعث، فلور ملز کیلئے گندم کی روزانہ کی ضرورریات کو پورا کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ فلور ملز کیلئے گندم کی خریداری میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔ سرکاری ویب پورٹل پر باقاعدہ ڈکلیئرکردہ ، فلور ملز پر موجود گندم کو زبردستی قبضہ میں لیکرسرکاری گوداموں میں ان لوڈ کیا جارہا ہے اور فلور ملز کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جارہی ہیں ایسی صورت حال میں فلور ملز کیلئے مارکیٹ میں ڈیماند کے مطابق آٹے کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ جس سے مارکیٹ میں آٹے کی کمی کے بحرن کا اندیشہ ہے۔ صوبہ بھر میں فلور ملز کی گندم کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ، اور نقل و حرکت محدود کرنے کے باعث فلور ملز انڈسٹری شدید بے چینی کا شکار ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گزشتہ سالوں کی طرح فلور ملز کو اپنی روزانہ کی گندم ضروریات کے مطابق گندم کی آزادانہ خریداری کی اجازت دی جائے۔ فلور ملز کی گندم کی نقل وحمل پر عائد پابندیاں فوری ختم کی جائیں۔اور قواعد کے مطابق فلور ملز کو گندخریداری کیلئے پرمٹ فراہم کئے جائیں تاکہ فلور ملز اپنی روزانہ کی ضروریات کے مطابق گندم کی خریداری کر سکیں