لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر رومان رئیس نے کہا ہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد کو سری لنکا کیخلاف سیریز ہارنے پر ٹیم سے باہر کردینا ناانصافی تھی۔ جس بندے نے چیمپئینز ٹرافی جتوائی ہو، ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر 7سے نمبر تین پر لایا ہو، ون ڈے فارمیٹ میں نمبر 7سے نمبر ون ٹو پر لایا جبکہ ٹی ٹونٹی نمبر ایک ٹیم بنائی۔ اسی طرح بطور کپتان ریکارڈ 14سیریز جتوائی ہوں ایک میچ ہارنے کے بعد کپتانی سے ہٹادیا جاتا ہے اور پھر ٹیم سے بھی ڈراپ کردیا جاتا ہے یہ زیادتی اور ناانصافی نہیں تو اور کیا ہے۔رومان رئیس نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ایک بات سامنے آئی تھی کہ عمران خان نے پاکستان بھارت میچ کے دوران سرفراز بھائی کو پہلے بائولنگ یا بیٹنگ کرنے کا کہا تھا لیکن سیفی بھائی نے ایسا نہیں اور پھر انہیں ٹیم کی قیادت سے ہٹادیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے تھا کہ اگر سرفراز احمد پرفارم نہیں کررہے تو آپ مشورہ کرکے انہیں ریسٹ دیتے نہ کپتانی چھین لینی چاہیے، بھارت نے بھی ویرات کوہلی اور روہت شرما جیسے کھلاڑیوں کو ریسٹ دیا لیکن انہیں ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا گیا۔