ایشین ہاکی چیمپین شپ‘پاکستان ‘بھارت 12سال بعد مد مقابل ہونگے

Apr 27, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم ایشین ہاکی چیمپین شپ ٹرافی ٹورنامنٹ میں شرکت کریگی جو 3 اگست سے 12 اگست تک بھارت کے شہر چنائی میں کھیلا جائیگا۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تقریبا 12 سال بعد بھارت میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہونگی۔ چیمپئن شپ میں تمام ہاکی کھیلنے والے ممالک کو لازمی طور پر شرکت کرنا ہوتی ہے کیونکہ شرکت کرنیوالی ٹیم ہی اولمپک کیلئے کوالیفائی کر سکتی ہے۔بھارت میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی شرکت کے معاملے پر  پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت جانے کیلئے حکومت سے اجازت طلب کرلی۔سیکرٹری پی ایچ ایف حیدر حسین نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کو این او سی کیلئے خط لکھ دیا ہے اور  ایشین ہاکی فیڈریشن کو انٹری بھیج دی ہے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلی تو  بھاری جرمانہ عائد ہوسکتا ہے، ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیل کر ہی اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل سکیں گے، بھارت نہ جانے میں سب سے بڑی رکاوٹ فنڈز ہیں، شرکت کیلئے 4 کروڑ روپے کی ضرورت ہے، سپیشل فنڈز کیلئے حکومتی اداروں کیساتھ ساتھ سپانسرز سے بھی رابطے شروع کردیے ہیں، امید ہے پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر  فنڈز جمع کرلیں گے۔

مزیدخبریں