دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز جاری

اصغر علی شاد
shad_asghar@yahoo.com
یہ بات کسی بھی ذی شعور پاکستانی سے مخفی نہیں کہ پاکستان نے اپنے قیام کے روز اول سے ہی یہ سعی اور کوشش کی کہ دنیا کے سبھی ملکوں سے بالعموم اور اپنے ہمسائیہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کیے جائیں اور اس ضمن میں اسے بڑی حد تک کامیابی بھی حاصل ہوئی مگر بدقسمتی سے بھارت کی صورت میں پاکستان کو جو ہمسائیہ میسر آیا اس نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع کبھی ہاتھ سے نہیں جانے دیا اور یہی سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
اسی تناظر میں پاک عسکری ترجمان نے 25 اپریل کو جو پریس کانفرنس کی وہ خاصی جامع اور بھرپور تھی۔ اس میں انہوں نے ایک جانب واضح کیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے جان بوجھ کر یا لا شعوری طور پر پاکستان اور قومی اور معاشی سلامتی کے خلاف ایک مسلسل مہم جاری ہے۔ اس موقعے پرکئی سوالات پر انہوں نے دانستہ خاموشی اختیار کرکے گویا واضح کر دیا کہ
کہہ رہا ہے شور دریا سے سمندر کا سکوت 
جس کا جتنا ظرف ہے اتنا ہی وہ خاموش ہے    
   واضح رہے کہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی داخلی اور بارڈر سیکورٹی کو یقینی اور دَائمی بنانے کیلئے ہم مْکمل طور پر پرعزم ہیں اور دہشتگردی کے خلاف ہماری کامیاب جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔انہوں نے اپنی بات آگے  بڑھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا اور اس  کے مبصرین کو پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرمکمل رسائی دی گئی جبکہ بھارت کی جانب سے ایسا کچھ نہیں کیا گیا اس ضمن میں بین الاقوامی میڈیا، او آئی سی سیکرٹری جنرل سمیت 16 دورے کرائے گئے ہیں۔ 
 اسی حوالے سے عسکری ترجمان نے بتایا کہ رواں سال بھارت کی جانب سے اب تک 56 مرتبہ مختلف لائن آف کنٹرول  کی خلاف ورزیاں کی گئیں ہیں جس میں 22 سپیکیولیٹو فائر، فضائی حدود کی 3خلاف ورزی، فائر بندی کے 6 چھوٹے اورٹیکنیکل فضائی خلاف ورزیوں کے 25 واقعات شامل ہیں اور اسی دوران  پاک فوج نے بھارت کے 6ڈرون بھی مار گرائے۔ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان بھارت کی ان تمام شر انگیزیوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے پر عزم ہیں۔
پاک عسکری ترجمان کے مطابق پچھلے کچھ عرسے سے دہشت گرد بلوچستان اور کے پی کے میں دہشت گردی کر رہے ہیں لیکن پاکستان کی داخلی اور بارڈر سیکورٹی کو یقینی اور دَائمی بنانے کیلئے ہم مْکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد افغانستان میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کے نتیجے میں دہشتگردی کے واقعات میں َاضافہ ہوا ہے۔ رواں سال میں مجموعی طور پر چھوٹے بڑے دہشتگردی کے436 واقعات رونما ہوئے جن میں 293 افراد شہید جبکہ521 زخمی ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں 219 واقعات میں 192 افراد شہید جبکہ 330 زخمی ہوئے اور بلوچستان میں 206 واقعات میں 80 افراد شہید جبکہ 170 زخمی ہوئے، پنجاب میں دہشت گردی کے 5 واقعات ہوئے جن میں 14 افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں رواں سال سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں اور اْن کے سہولت کاروں کے خلاف 8269 چھوٹے بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے اس دوران لگ بھگ 1535 دہشتگردوں کو ہلاک یا گرفتار کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر 70سے زائدآپریشنز افواج پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اَنجام دے رہے ہیں۔ 
یہاں یہ بات بھی توجہ کی حامل ہے کہ رواں سال آپریشنز کے دوران 137 آفیسرز اور جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ117افسر اور جوان زخمی ہوئے۔جبکہ  پشاور اور دیگر جگہوںپر ہونے والے دہشتگردی کے واقعات یہ ثابت کرتے ہیں کہ ان دہشتگردوں کا اسلام بلکہ انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں۔ 
پاکستان نے بلاشبہ دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے۔ اس کا نا صرف دْنیا نے اعتراف کیا ہے بلکہ اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔اس کے علاو ہ ملک میں پائیدار امن  کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ بارڈر مینجمنٹ کے تحت 2611 کلومیٹر پاک افغان سرحد پر98 فیصد سے زائد کام مْکمل کر لیا گیا ہے جبکہ پاک ایران بارڈر پر85 فیصدسے زائد کام مْکمل ہو چکا ہے۔پاک -افغان بارڈر پر دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی روک تھام کیلئے 85 فیصد قلعے مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ پاک ایران بارڈر پر33فیصد قلعے مکمل ہو چکے ہیں اورباقی قلعوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس سلسلے میں اب تک 3141 کلومیٹر کے علاقے میں باڑ لگا دی گئی ہے ۔سنجید حلقوں کے مطابق پاک ترجمان نے جس واشگاف انداز میں کہا ہے کہ جموں کشمیر نہ تو کبھی بھارت کا حصہ تھا نہ ہوگااس سے بھارتی بیانیہ بڑی حد تک اپنی موت آپ مر گیا ہے تو قع کی جانی چاہیے کہ عالمی برداری اس ضمن میں اپنی قانونی اور آئینی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائے گئی تاکہ عالمی امن کسی نئی آزمائش سے دو چار نہ ہو۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...