پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔ سعودی عرب سے بے دخل شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔ وفاقی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے 17 اپریل کو پاکستان آنے والے شخص میں منکی پاکس کی علامات تھیں، متاثرہ شخص کے نمونے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجے گئے۔ منکی پاکس سے متاثرہ شخص راولپنڈی یا اسلام آباد کا رہائشی ہے۔ منکی پاکس کے پہلے کیس کے بعد پورے ملک کے ائیرپورٹ پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے مشتبہ مریضوں کے نمونے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے اثرات اب بھی باقی ہیں‘ کورونا وائرس نے جہاں لاکھوں انسانی زندگیوں کا خاتمہ کیا‘ وہیں ترقی یافتہ ممالک کی معیشت کا بھٹہ بھی بٹھا دیا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ملک میں اب بھی کورونا کے 9 نئے کیسز سامنے آئے ہیںجبکہ گیارہ مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ڈینگی نے بھی سر اٹھایا ہوا ہے جس سے ہر سال ہزاروں لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ اسکے سدباب کیلئے حکومتی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس وائرس کو پھیلنے روکا جاسکے۔ منکی پاکس عام طور پر فلو جیسی علامات سے شروع ہوتا ہے جس میں بخار، سر درد، پٹھوں میں درد اور تھکن محسوس ہوتی ہے۔ ایک دو دن بعد دانے نکل آتے ہیں جو سرخ رنگ کے چھوٹے دھبوں یا چھالوں میں بدل جاتے ہیں۔ اس وائرس کا دورانیہ بہت طویل ہوتا ہے اور ایک بار جب یہ جسم میں داخل ہوتا ہے تو یہ سب سے پہلے اندرونی اعضاء کو متاثر کرتا ہے۔ لہٰذااس موذی وائرس سے بچائو کی حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہی پروگراموں کے ذریعے قوم کو بتایا جائے‘ اگر اسکی ویکسین یا حفاظتی میڈیسن موجود ہے تو اس بارے میں بھی قوم کو بتایا جائے۔ عوام ازخود بھی اپنی حفاظت کے اقدامات کریں جس کے تحت بازاروں‘ مارکیٹوں اور پبلک مقامات پر بلا ضرورت جانے سے اجتناب کیا جائے اور گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک ضرور استعمال کیا جائے۔