وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نوجوانوں کو فعال بنانے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، یوتھ کیلئے اْن کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں، بحیثیت وزیر پنجاب انہوں نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میاں محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ جس میں ہزاروں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا گیا، رانا مشہود کا شمار وزیراعظم میاں شہباز شریف کے قریبی اور بااعتماد ساتھیوں میں ہوتا ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین نامزد ہونے کے بعد رانا مشہود احمد خاں نے اپنی پہلی فرصت میں خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کا دورہ کیااور پشاور ہائی کورٹ باراور خیبرپختونخوا بار کونسل میں وکلاء برادری سے پرجوش خطاب کیا، رانا مشہود نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز /چائنہ ونڈو کا بھی دورہ کیا، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا دورہ پشاور انتہائی کامیاب رہا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے پشاور میں ’’پرائم منسٹرز ٹیبل ٹینس پراونشل لیگ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہوتے ہیں، حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نوجوانوں میں چھپے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے ہر قسم کے وسائل فراہم کرے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں بہترین پرفارمنس دکھانے والے ارشد ندیم گاؤں میں جیولن تھرو گیم کھیلتے تھے، پنجاب حکومت کی جانب سے منعقدہ یوتھ فیسٹیول میں ارشد ندیم اور اْن جیسے دیگر نوجوانوں کی صلاحیتیں دنیا کے سامنے ابھر کر آئیں، ارشد ندیم نے جیولن تھرو کا مقابلہ جیتا جس کے بعد پنجاب حکومت نے اْنہیں ٹیلنٹ کی بنیاد پر سکالر شپ دیا جس پر وہ آج بھی دنیا بھر میں پنجاب اورپاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، اب ارشد ندیم کے چھوٹے بھائی نے بھی جیولن تھرو کا گیم شروع کیا ہے جنہیں حکومت کی جانب سے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز /چائنہ ونڈو کا دورہ کیا اور قومی کمیشن برائے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے تحت تربیت حاصل کرنے والے ہنر مند طلباء سے خطاب بھی کیا۔ رانا مشہود احمد خاں نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کسی بھی شک وشبہ سے بالاتر ہے لیکن عمران خان کے دور حکومت میں نہ صرف سی پیک منصوبے کو تباہی سے دوچار کیا گیا بلکہ دونوں ملکوں کے تعلقات بھی خراب کرنے کی کوشش کی گئی،وزیر اعظم شہباز شریف ملک کو دنیا میںمعاشی ترقی کا ہم سفر بنانا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کے دوست ممالک سے سرمایہ کاری پاکستان لا رہے ہیں تاکہ وطن عزیز کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے اس سلسلہ میں سی پیک کی اہمیت کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اس منصوبے کے تحت اب تک چین نے پاکستان میں 26 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ مجموعی سرمایہ کاری کا ہدف 65 ارب ڈالرز ہے۔انہوں نے کہا 14مئی سے وزیر اعظم عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری دورہ کریں گے جس سے برادر ہمسایہ ملک کا اعتماد بحال ہو گا اور سی پیک منصوبہ تیزی سے کامیابی کی جانب گامزن ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کا فوکس یوتھ کی ترقی پر ہے۔اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ بڑھانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہنر مند نوجوانوں کو نہ صرف بیرون ملک بھیجا جائے بلکہ ان کی صلاحیتوں سے پاکستان میں بھی بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔زبانوں کی اہمیت کا زکر کرتے ہوئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مختلف ممالک کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف زبانیں سکھانے کے پروگرام شروع کئے جائیں۔ ا س سلسلہ میں چینی زبان کو قومی کمیشن برائے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے پروگرامز میں شامل کرنے کا یقین دلایا۔رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ چین اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں ہزاروں ہنر مندوں کو بھی ملک اور بیرون ملک خدمات کی انجام دہی کا موقع ملے گا۔ انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز کے قیام کو سراہا اور کہا کہ یہ امر لائق ستائش ہے کہ چائنہ ونڈو پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مستحکم کرنے کا مرکز ثابت ہو گا۔انہوں وفاقی حکومت کی جانب سے چائنہ ونڈو کے منتظمین کو ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے دورہ پشاور کے موقع پر پشاور بار ایسوسی ایشن کی دعوت پرنومنتخب عہدیداران سے حلف لیا، رانا مشہود احمد خاں نے پشاور بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر امجد علی خان مروت، جنرل سیکرٹری اظہار اللہ خان اور عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ رانا مشہود احمد خاں نے نو منتخب عہدیداران کی جانب سے پشاور بار ایسوسی ایشن اور وکلاء کے لیے مثبت انداز میں کام کرنے کی امید ظاہر کی۔نو منتخب صدر و جنرل سیکرٹری نے وکلاء کو درپیش مسائل کے حل اور فنڈز کے بارے درخواست کی، جس پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے ورکنگ کنڈیشنز کی بہتری کے لیے ایک کروڑ روپے اور آن لائن لائبریری کے لئے 4کروڑ کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وکلاء برادری کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ عدالتوں کی ورکنگ کے لیے بہتر ماحول خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ورکنگ کنڈیشنز کی بہتری کے لیے وکلاء کو چیمبرز کی فراہمی بنیادی حیثیت رکھتی ہے جبکہ اچھے ماحول سے عدالتوں کے کام میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر پشاور بار ایسوسی ایشن نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کو لائف ٹائم ممبر شپ دی اور یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ تقریب میں سید قلب حسین ممبر پاکستان بار کونسل، سید امجد شاہ ممبر پاکستان بار کونسل، حسن رضا پاشا ممبر پاکستان بار کونسل، احمد فاروق خٹک ممبر خیبر پختونخوا بار ایسوسی ایشن، طارق آفریدی صدر ہائی کورٹ بار پشاور، نائب صدر عبدالحسیب، جوائنٹ سیکرٹری شیخ اسحاق، پریس سیکرٹری افضل خان، لائبریری سیکرٹری زینب یوسف زئی، سیکرٹری خزانہ سہیل حیدر، کیبنٹ ممبران محمد وقاص عظیم، سجاد خلیل اور یوسف خان سمیت دیگر وکلاء نے شرکت کی۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے خیبرپختونخوا بار کونسل کا دورہ کیا، اس موقع پر صدر خیبرپختونخوا بار ایسوسی ایشن احمد فاروق خٹک اور ممبر پاکستان بار کونسل سید امجد شاہ سمیت دیگر وکلاء موجود تھے۔ ملاقات میں وکلاء نے رانا مشہود احمد خاں کو خیبر پختونخواہ بار کونسل کے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے تمام جائز مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہاکہ وکلاء نے ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے طویل جدوجہد کی،آئین و قانون کی بالادستی کیلئے وکلاء برادری کی بے شمار قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،حکومت بار کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے، نام کے کھلاڑی وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے ہر شعبے کو اپنی نا اہلی سے نقصان پہنچایا، اس اناڑی کے دور میں آئین و قانون اور سیاسی روایات کی خلاف ورزی عروج پر رہی۔ انشاء اللہ اب بار کونسل اور وکلاء کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔