پولیس ملازمین کے بچوں کی مفت تعلیم کیلئے نجی تعلیمی ادارے سے ایم او یو سائن 

Apr 27, 2024

لاہور(نامہ نگار)اانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو بہترین اداروں میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔پنجاب پولیس نے محکمہ کی سطح پر ملک کے نامور تعلیمی اداروں کیساتھ متعددایم او یوز سائن کئے۔پولیس ملازمین کے بچوں کو ایم ڈی کیٹ سمیت دیگر تعلیمی ٹیسٹوں، سکولوں اور کالجوں میں تعلیم کی سہولت کیلئے نجی تعلیمی ادارے کیساتھ ایم او یو سائن کیا گیا جس کے تحت پولیس ملازمین کے بچے بہترین تعلیمی اداروں میں اپنا تعلیمی سفر بغیر کسی پریشانی مکمل کرسکیں گے۔ نجی تعلیمی ادارے کے سکولز، کالجز، ایوننگ کوچنگ سنٹرز، ایم ڈی کیٹ سمیت ٹیسٹوں کی تیاری میں فیس پر خصوصی رعایت ملے گی۔پولیس شہدا کے بچوں کو مفت داخلہ، تعلیمی اخراجات میں 100 فیصد رعایت ملے گی، حاضر سروس، دوران سروس انتقال کرنیوالے ملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن، ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت ملے گی، پولیس ملازمین کے انتہائی مستحق بچوں کو کیس ٹو کیس بنیاد پر مکمل فیس معافی کی رعایت بھی حاصل ہوگی۔ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں ایم او یو سائن کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب پولیس اور نجی تعلیمی ادارے کے درمیان ایم او یو طے پا گیا ہے۔ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی ادارے کے چیف ایگزیکٹو عابد وزیر خان نے ایم او یو پر دستخط کئے۔

مزیدخبریں