لاہور ( خصوصی نامہ نگار )سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے داتا دربار میں منعقدہ’’سیّد الشہداء حضرت امیر حمزہ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں اسلام کی تابندگی اور قوم کیلئے اکسیر کا درجہ رکھتی ہیں۔ غزہ اور فلسطین کے مسلمان سرخرو اور سر بلند ہوں گے۔ حضرت امیر حمزہؓ کی لازوال شہادت تاریخ اسلام کی بلند مرتبے کی حامل ہے۔ نبی اکرمؐ کی محبت ایمان کی بنیاد ہے،جس کا عظیم تر ثبوت اہل بیت اطہار، خانوادہ نبوت اور صحابہ کرام نے دنیا کے سامنے پیش کیا۔شہدائے احد کی لازوال قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ حضرت امیر حمزہؓ حسین وجمیل شخصیت کے مالک،شجاعت وبہادری اور عزم واستقلال کے مجسم پیکر،شمشیر زنی، تیراندازی، پہلوانی، کمال بیان خطاب اور فصیح شعر وشاعری کے ماہر تھے۔ رسول اللہؐ نے ان کے اسم گرامی کواپنا محبوب ترین نام قرار دیا ہے۔ وہ عظیم ہستی جنہوں نے ہمیشہ تبلیغ دین کے برچار، توحید کی حمایت اور رسول اللہ ؐ کے تبلیغی اْمور میں معاونت کی اور شرک وبت پرستی کی ہمیشہ مخالفت کی۔ آپ ؐ دین اسلام کی دعوت وتبلیغ کا کام اعلانیہ کرتے تھے۔ انہیں رسول اللہؐ نے اپنے دستِ مبارک سے ’’لوائے ابیض ‘‘ (سفید پرچم) عطا فرمایا۔ کانفرنس میں منیجر اوقاف داتا دربار طاہر مقصود، مولانا فیصل جماعتی، قاری محمد یوسف اور قاری محمد رفیق نقشبندی سمیت دیگر علمی و روحانی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی سعادت حاصل کی۔